کئی سو پناہ گزین مقدونیا میں داخل

،تصویر کا ذریعہ
سرحد کے بند ہونے کے باوجود کئی سو پناہ گزین یونان سے مقدونیا میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پناہ گزین سرحد پر لگی باڑ میں راستہ نکال کر مقدونیا میں داخل ہوئے ہیں۔
اس سے قبل تقریباً ایک ہزار پناہ گزین یونان میں موجود اپنے کیمپ سے نکل کر ایک دریا عبور کر کے مقدونیا کی سرحد کے قریب پہنچے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے مقدونیا نے تارکینِ وطن کے لیے سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد مقدونیا اور یونان کی سرحد پر تیرہ ہزار تارکینِ وطن محصور ہو کر رہ گئے تھے۔
سلوینیا نے پہلے ہی اپنے ملک سے گزرنے والے تارکینِ وطن پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جبکہ کروئیشیا اور سربیا نے بھی سرحدیں بند کرنے کا کہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سرحد عبور کرنے والے پناہ گزینوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
حال ہی میں ترکی اور یورپ کے درمیان ایک معاہدے طے پایا ہے جس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ترکی کے راستے یونان داخل ہونے والے پناہ گزینوں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ شام افریقہ اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے کئی لاکھ مہاجرین ترکی سے بلقان کے راستے جرمنی، سویڈن اور دوسرے یورپی ممالک پہنچے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







