امریکہ میں شدید طوفان سے تین افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
امریکی حکام کے مطابق امریکہ کے جنوبی علاقوں میں منگل کے روز کئی طاقتور بگولوں کی زد میں آ کے تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
بگولوں سے لوئی زیانا، مسیسپی اور فلوریڈا میں مکانات اور کاروبار تباہ ہوگئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اموات لوئی زیانا اور مسیسپی میں عارضی گھروں (ٹریلر ہوم) کی تباہی کے باعث واقع ہوئی ہیں۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کی شام تک طوفانی نظام امریکی ریاستوں الاباما اور جارجیا تک پہنچ سکتا ہے۔
ہنگامی امداد کے اداروں کا کہنا ہے کہ جنوبی لوئی زیانا کے علاقے کان ونٹ کے ٹریلر پارک میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 90 فیصد گھر تباہ ہوگئے ہیں۔
لوئی زیانا کے گورنر جان بیل ایڈورڈ کا کہنا ہے کہ ’سفری ٹریلر ہوا میں اوپر اچھلے، کافی فاصلے پر جا گرے، اور تباہ ہوگئے ہیں۔‘
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ ایک ’چھوٹا سا معجزہ‘ ہے کہ اموات کی تعداد زیادہ نہیں ہے کیونکہ طوفان کے وقت لوگوں کی زیادہ تعداد ان ٹریلر گھروں کے اندر موجود تھی۔

،تصویر کا ذریعہAP
لوئی زیانا میں تقریباً 30 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے زیادہ ترافراد کا تعلق ٹریلر پارک سے ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکہ کے محکمہ موسمیات کے مطابق ایک اور ہلاکت جنوبی مسیسپی کے شہر پُروس میں ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرد کا ایک بگولہ شمالی فلوریڈا کے شہر پنساکولا میں بھی دیکھا گیا ہے۔
مقامی زرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس کی تین عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ علاقے میں ہزاروں لوگ بجلی سے محروم ہیں۔







