’پوپ فرانسس کی بہت عزت کرتا ہوں‘

امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کیتھولک مسیحی پیشوا پوپ فرانسس کی تعریفوں کے پل باندھ دیے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان پوپ فرانسس کی جانب سے ان کے عیسائی ہونے پر سوالیہ نشان لگانے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ پوپ فرانسس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے میکسیکو کی سرحد کے قریب دیوار بنوانے کے بیان کے بعد کہا تھا کہ ایک شخص جو پل تعمیر کرنے کے بجائے دیواریں کھڑی کرنے کی بات کرتا ہے وہ عیسائی نہیں ہو سکتا۔
پوپ کا کہنا تھا: ’ایک شخص جو دیواریں کھڑی کرنے کی بات کرتا ہے چاہے کہیں بھی، اور پل بنانے کی بات نہیں کرتا، وہ عیسائی نہیں ہے۔ یہ عیسائی مذہب کی تعلیمات نہیں ہیں۔‘
نیویارک کی کاروباری شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ ملک سے تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ غیر رجسٹرڈ پناہ گزینوں کو نکالنے کے حامی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ’اپنے عیسائی ہونے پر فخر کرتے ہوئے پوپ کے اس بیان کا ذمہ دار میکسکو کو ٹھہراتے ہوئے انھیں شرمناک قرار دیا تھا۔‘
تاہم اس بیان کے چند گھنٹے کے بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کیرولائنا میں مصالحت آمیز انداز اپنایا ہے۔
رپبلکن ووٹر صدارتی امیدوار کا انتخاب آئندہ چند دنوں میں کرنے والے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈونلڈ ٹرمپ جنوبی کیرولائنا میں اپنے حریف سے آگے ہیں اور انھوں نے جمعرات کی شام کو قومی ٹی وی پر سوالوں کے جوابات دیے۔
جب ڈونلڈ ٹرمپ سے پوپ فرانسس کے ساتھ ان کے تنازعے کے بارے میں سوال کیاگیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اسے لڑائی نہیں مانتے اور انھیں پوپ کے ساتھ لڑائی کرنا پسند نہیں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا: ’میں پوپ فرانسس کی بہت عزت کرتا ہوں۔ وہ ایک بڑی شخصیت کے مالک ہیں اور میرا خیال ہے کہ وہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، ان کے اندر بہت توانائی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب انھوں نے مجوزہ دیوار کی تعمیر پر تنقید کی تو پوپ فرانسس کو اس حوالے سے غلط معلومات فراہم کی گئیں کیونکہ پوپ کو اس بات کا علم نہیں ہے کہ میکسیکو میں منشیات کہاں سے آ رہی ہیں۔







