برازیل میں زکا کا خوف جشن کو نہیں روک ہو سکا

،تصویر کا ذریعہAFP
برازیل میں زکا وائرس کے پھیلنے کے خدشات کے باوجود ملک بھر میں سالانہ منعقد ہونے والے مقبول کارنیوال میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ہے۔
زکا وائرس کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر ریسیف میں دس لاکھ سے زیادہ افراد رنگ برنگے ملبوسات میں کارنیوال میں شریک ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
برازیل کی وزارتِ صحت اور مقامی انتظامیہ اس موقعے پر سیاحوں اور مقامی افرادکو زکا وائرس کے بارے میں خبردار کرنے کے لیے کتابچے تقیسم کر رہی ہے۔
توقع ہے کہ ریو ڈی جنیرو میں کارنیوال فیسٹیول میں دس لاکھ افراد شرکت کریں گے اور یہ کارنیوال بدھ کی صبح کو اختتام پذیر ہو گا۔
بی بی سی کی نامہ نگار جولیا کارنیرو کے مطابق اگست سے شروع ہونے والے اولپمک مقابلوں سے پہلے انتظامیہ کا یہ پہلا امتحان ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کے خوف کی وجہ سے اولپمک میں سیاحوں کی شرکت پر اثر پڑ سکتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP
برازیلی حکام اور انٹرنیشل اولمپک کمیٹی کاکہنا ہے کہ اولمپک مقابلے ایسے موسم میں منعقد ہو رہے ہیں جس میں زکا وائرس پھیلانے والے مچھروں کی افزائش کے لیے زیادہ موافق نہیں ہوتا۔
برازیل میں آئندہ ہفتے سے کھڑے پانی کے ذخائر کو صاف کرنے کی مہم شروع ہو رہی ہے جس میں مسلح افواج کے دو لاکھ 20 ہزار اہلکار حصہ لیں گے۔

،تصویر کا ذریعہAP
گذشتہ ہفتے ہی برازیل کی صدر دلما روسیف نے قوم کے نام اپنے ایک پیغام میں مہلک زکا وائرس پھیلانے والے مچھّروں کے خلاف جنگی پیمانے پر مہم چھیڑنے کا اعلان کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے زکا وائرس کو عالمی سطح پر خطرہ قرار دیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے اس وائرس سے ہزاروں کی تعداد میں چھوٹے سر والے بچوں کی پیدائش ہو رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ براعظم جنوبی امریکہ میں زکا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 30 سے 40 لاکھ تک ہو سکتی ہے۔







