عراق کی بحالی کے لیے اقوامِ متحدہ کی فنڈز کی اپیل

اقوام متحدہ کو امید ہے کہ ان کی اس نئی اپیل سے عراق کی بحالی ممکن ہو سکے گی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناقوام متحدہ کو امید ہے کہ ان کی اس نئی اپیل سے عراق کی بحالی ممکن ہو سکے گی

اقوام متحدہ نے دولت اسلامیہ کی جانب سے عراق میں کیے گئے نقصانات کو پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری سے 80 کروڑ ڈالر رقم کی اپیل کی ہے ۔

عالمی منڈی میں تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے بعد عراق کےلیے یہ ممکن نہیں کہ وہ ملک کی دوبارہ تعمیر کے لیے بنائے گئے آدھ ارب ڈالر کے منصوبے کو مکمل کر سکے۔

اس منصوبے میں تقریباً ایک کروڑ افراد کی مدد کی کوشش جائے گی۔

اقوام متحدہ کو امید ہے کہ ان کی اس نئی اپیل سے عراق کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔

اس حوالے سے عراق کے نقل مکانی کے وزیر جاسم محمد کا کہنا ہے کہ ’ بڑھتی ہوئی ضروریات کو وفاقی بجٹ میں مختص رقم سے پورا کرنا ممکن نہیں ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اقوامِ متحدہ کی جانب سے جو اقدام اٹھائے جا رہے ہیں ان سے فنڈز میں کمی پوری ہو سکی گی۔‘

خیال رہے کہ عراقی افواج اور دولتِ اسلامیہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں ملک کا بڑا حصہ تباہی کا شکار ہے۔

اقوامِ متحدہ کے اعداد وشمار کے مطابق جنگ کے باعث ملک میں تیس لاکھ سے زیادہ افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں اور 2014 جنوری سے اکتوبر 2015 کے درمیان اٹھارہ ہزار سے زیادہ شہری مارے بھی گئے ہیں۔