’امریکہ کو زیادہ پناہ گزین قبول کرنے چاہییں‘

،تصویر کا ذریعہAFP
ارب پتی شخصیت بل گیٹس کا کہنا ہے کہ امریکہ کو ’زیادہ سے زیادہ پناہ گزینوں کا خیر مقدم کر کے بہتر مثال قائم کرنی چاہیے۔‘
ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقعے پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ’ان کا ملک بھی اس قابل ہے کہ وہ جرمنی اور سویڈن جیسے ممالک کی پیروی کر سکے جو مبارک باد کے مستحق ہیں۔‘
انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ’سفری قوانین میں نرمی کرنا آسان نہیں ہے۔‘
بل گیٹس نے مزید کہا کہ ’حکومتیں مشکل بجٹ کے ساتھ نمٹ رہی ہیں۔‘
تاہم انھوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ’یہ مسلہ بڑے پیمانے پر سیاسی ہے اور پناہ گزینوں کی تعداد عالمی ریکارڈ نہیں ہے۔‘
دنیا میں سب سے بڑا فلاحی ادارہ چلانے والے بل گیٹس نے کہا کہ بہت سے ممالک میں معاشی ترقی ہونے کی وجہ سے لوگوں کے ہجرت کرنے میں کمی آئے گی۔
انھوں نے ایتھیوپیا کی مثال دی جہاں سے لوگ ہجرت کرتے آ رہے تھے لیکن ’اب وہاں کسی بھی افریقی ملک سے زیادہ پناہ گزین ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس تبدیلی کے بارے میں بل گیٹس نے کہا کہ ’ہماری زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری، حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے خوراک کی پیداوار میں گذشتہ پانچ سالوں میں ڈرامائی طور 50 فیصد اضافہ ہوا۔‘
جنگ زدہ علاقوں سے اپنے گھر چھوڑ کر آنے والوں کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ’پناہ گزینوں کے کیمپوں میں ہیضے سے بچاؤ کی ویکسین پہنچانا اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور ان کیمپوں میں رہنے والے بچوں کی تعلیم دوبارہ شروع کروانے کے لیے مدد درکار ہے۔‘







