پیرس کے معروف فائیو سٹار ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی

شہزادی ڈیانا نے اپنی آخری شام اسی ہوٹل میں گزاری تھی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشہزادی ڈیانا نے اپنی آخری شام اسی ہوٹل میں گزاری تھی

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک فائیو سٹار ہوٹل رٹز کی سب سے بالائی منزل پر آگ بھڑک اٹھی ہے۔

تاحال کسی کے زخمی ہونے اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ آگ بجھانے والے عملے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کی پہلی کوشش ’آگ کو پھیلنے سے روکنا ہے۔‘

یہ ہوٹل اس لیے بھی شہرت رکھتا ہے کہ شہزادی ڈیانا نے اپنی آخری شام یہاں گزاری تھی۔

ہوٹل مرمت کے کام کی وجہ سے بند تھا اور اس میں کوئی مہمان موجود نہیں ہے۔

آگ کے بارے میں پہلی اطلاع مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے موصول ہوئی تھی اور جائے وقوعہ پر آگ بجھانے والے عملے کے 60 ارکان اور 15 آگ بجھانے والی گاڑیاں روانہ کر دی گئی تھیں۔

پیرس پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیا تھا کہ ’آگ زیادہ‘ ہے اور گاڑی چلانے والوں کو ہدایت کی کہ وہ پلیس ویڈوم کے علاقے کی طرف جانے سے اجتناب کریں۔

اس علاقے میں صبح کے وقت ٹریفک زیادہ ہوتی ہے تاہم اسے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا، جبکہ امدادی کارکن کرینوں کے ذریعے آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف تھے۔

،تصویر کا ذریعہReuters

خیال رہے کہ شہزادی ڈیانا نے 30 اگست 1997 میں اس ہوٹل میں کھانا کھایا تھا اور اسی رات وہ اور ان کے دوست دودی الفاید کار کے حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

ڈوڈی الفاید اسی ہوٹل کے مالک اور مصری ارب پتی محمد الفاید کے بیٹے تھے۔

یہ ہوٹل چارلی چیپلن، کوکو شنیل اور ارنسٹ ہیمنگوے کی بھی پسند رہا ہے۔

تین سال سے جاری مرمت کے کام کے بعد اس ہوٹل کو رواں سال کے اواخر میں دوبارہ کھول دیا جانا تھا۔

واضح رہے کہ رٹز نام کے دنیا بھر میں کئی ہوٹلز ہیں، یہ نام سوئٹزرلینڈ کے ایک ہوٹل چلانے والے سیزر رٹز سے اخذ کیا گیا ہے جنھوں نے ایک صدی سے زائد عرصہ قبل پیرس رٹز اور لندن رٹز قائم کیے تھے۔

ان دونوں ہوٹلوں کی مالکانہ حیثیت اب خودمختار ہے۔