ایران پر تاریخی پیش رفت سفارت کاری سے ہوئی: اوباما

صدر اوباما نے ایران کے ساتھ ہونے والے قیدیوں کے تبادلے تحت پانچ ایرانی نژاد امریکی شہریوں کی رہائی کو بھی خوش آیند قرار دیا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنصدر اوباما نے ایران کے ساتھ ہونے والے قیدیوں کے تبادلے تحت پانچ ایرانی نژاد امریکی شہریوں کی رہائی کو بھی خوش آیند قرار دیا ہے

امریکی صدر اوباما نے ایک بیان میں ایران کے ساتھ نئے تعلقات کو سراہا ہے۔

صدر اوباما کی جانب سے یہ بیان جوہری معاہدے کے تحت ایران پر سے اقتصادی پابندیاں اٹھائے جانے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔

صدر اوباما کے بقول جوہری معاہدے کا مطلب ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنا سکے گا۔

امریکی صدر کا مزید کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کی بجائے سفارت کاری کے ذریعے تاریخی پیش رفت ہوئی ہے۔

صدر اوباما نے ایران کے ساتھ ہونے والے قیدیوں کے تبادلے کے تحت پانچ ایرانی نژاد امریکی شہریوں کی رہائی کو بھی خوش آئند قرار دیا ہے۔

اس سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی نے عالمی پابندیاں ہٹائے جانے کو ’دنیا کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز‘ قرار دیا تھا۔

امریکی اور ایرانی لیڈران کے علاوہ دنیا بھر سے عالمی رہنماؤں نے امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اسے ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریقین نے اس حوالے سے اپنے اپنے وعدوں کو پورا کیا۔

برطانوی وزیرِ خارجہ فلپ ہومونڈ نے اسے مسلسل ڈپلومیسی کی فتح قرار دیا۔

فرانسیسی وزیرِ خارجہ فرانک والٹر کا کہنا تھا کہ وہ خطے کے دیگر مسائل کے حل کے لیے ایران سے ایسے ہی ’تعاون کے جذبے‘ کی اُمید کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ امن اور استحکام کے لیے ایک اہم قدم ہے۔‘