بھارتی ایئر بیس پر حملہ نفرت انگیز عمل ہے: جان کربی

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پٹھان کوٹ حملے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنامریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پٹھان کوٹ حملے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے

امریکہ نے بھارت کے شمال مغربی علاقے پٹھان کوٹ میں بھارتی ایئر بیس پر ہونے والے تباہ کن حملے کو ’نفرت انگیز دہشت گرد حملہ‘ قرار دیا ہے۔

امریکی وزرات خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں کہا: ’امریکہ دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ اپنی مضبوط تعاون کے عہد کا پابند ہے۔‘

جان کربی نے پاکستان کے نام لیے بغیر خطے کے تمام ممالک سے دہشت گردی کے نٹ ورک کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔

انھوں نے کہا: ’ہم خطے میں تمام ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس قابل نفرین عمل کے مرتکب ہونے والوں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچانے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔‘

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اس کے ذمہ داروں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچائیں۔

حملے کے بعد بھارتی پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ میں سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گيا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنحملے کے بعد بھارتی پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ میں سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گيا

خیال رہے کہ یہ حملہ پاکستان سرحد کے قریب سنیچر کی صبح ہوا تھا جس میں کم از کم تین سکیورٹی اہلکار کے علاوہ پانچ حملہ آور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

جان کربی نے اپنے ایک ٹویٹ میں بھارتی ایئر بیس پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے اور حملے کے شکار افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی گذشتہ روز حملے کی مذمت اور سوگواروں کے ساتھ اظہار تعزیت کی تھی۔ بعض حلقوں کا خیال ہے کہ یہ حملہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔