’بھارتی ترقی سے پریشان طاقتوں نے پٹھان کوٹ پر حملہ کیا‘

،تصویر کا ذریعہEPA
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارتی سکیورٹی فورسز نے پٹھان کوٹ میں حملہ کرنے والوں کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔
ریاست کرناٹک کے شہر میسور میں ایک پروگرام میں انھوں نے کہا ’جن طاقتوں کو بھارت کی ترقی دیکھنے میں پریشانی ہو رہی ہے انھوں نے پٹھان کوٹ میں ایئر بیس کو اڑانے کی کوشش کی ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا ’میں ملک کی سکیورٹی فورسز کو مبارک باد دیتا ہوں۔انھوں نے دشمنوں کے ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔‘
انھوں نے کہا ’جب قوم متحد ہو کر ایک سر میں بولتی ہے تو دشمن کے حوصلے تباہ ہو جاتے ہیں۔‘
اس سے پہلے فضائیہ نے ایک بیان جاری کر کے کہا تھا کہ ایئر بیس کے احاطے میں داخل ہوتے ہوئے حملہ آوروں کا پتہ لگا لیا گیا تھا اور انہیں ایئر بیس کے تکنیکی علاقے میں نہیں جانے دیا گیا جہاں انتہائی اہم دفاعی ساز و سامان رکھے تھے۔
حکام کے مطابق پٹھان کوٹ میں اب بھی مہم جاری ہے جہاں سنیچر کی صبح کچھ بندوق بردار افراد بھارتی فضائیہ کے احاطے میں گھس آئے تھے۔
حکام کے مطابق وہاں سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے لیکن پانچوں حملہ آوروں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ اس حملے میں تین فوجیوں سمیت آٹھ افراد کے مارے جانے کی خبر ہے۔
پڑوسی ملک پاکستان نے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں مودی کے حالیہ پاکستان دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کو ختم کرنے میں بھارت سمیت تمام ممالک سے تعاون جاری رکھے گا۔
گرچہ اس سے پہلے بھارت کے وزیر مملکت کرن ریجیجو نے کہا تھا کہ ان کے پاس ایسی انٹیلی جنس معلومات ہیں کہ پٹھان کوٹ کے حملہ آوروں کو سرحد پار کے کچھ عناصر سے مدد ملی ہے۔







