یروشلم: اسرائیلی فوج پر چاقو سے حملہ کرنے والا فلسطینی ہلاک

یروشلم میں سخت حفاظتی اقدامات جاری ہیں
،تصویر کا کیپشنیروشلم میں سخت حفاظتی اقدامات جاری ہیں

اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے اس فلسطینی باشندے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے جس نے ایک پولیس آفسر پر چاقو سے حملہ کیا تھا۔

یہ واقعہ یروشلم کے قدیمی دروازے باب دمشق کے پاس واقع ہوا۔

اسرائیلی پولیس کے ترجمان میکی روزن فیلڈ نے بتایا: ’ایک پولیس افسر قدرے زخمی ہوا ہے جبکہ دہشت گرد کو اسی جگہ گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔‘

ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص نابلوس کا رہنے والا تھا جس کی عمر تقریبا 38 سال تھی۔

انھوں نے بتایا کہ ’اس علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات موجود ہیں تاکہ اس قسم کے واقعات کو روکا جا سکے۔‘

خیال رہے کہ یروشلم میں یکم اکتوبر سے تقریبا روزانہ چاقو کے حملے اور کار کے حادثے پیش آ رہے ہیں جن میں اب تک کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 19 اسرائیلی اور ایک امریکی شہری ہیں۔

حالیہ تنازع مسجد اقصی کے متعلق ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنحالیہ تنازع مسجد اقصی کے متعلق ہے

جبکہ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 94 فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔

دریں اثنا خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چاقو زنی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص نے ایک خاتون پر چاقو سے حملہ کیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ شامگر سٹریٹ کے بس سٹینڈ پر پیش آیا اور حملہ آور چاقو مار کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گيا ہے۔

خاتون کی عمر 30 کی دہائی میں ہے اور اس کی پیٹھ پر چاقو سے حملہ کیا گيا ہے۔ پولیس حملہ آور کی تلاش میں ہے۔