صدر کے لیے پھر چھوٹی ٹوپی، اہلکار معطل

،تصویر کا ذریعہAP
زمبابوے کی ایک یونیورسٹی کے ایک اہلکار کو اس لیے معطل کر دیا گیا کیونکہ انھوں نے صدر رابرٹ موگابے کے لیے غلط ناپ کی گریجوایشن کیپ بھجوائی۔
<link type="page"><caption> صدر موگابے غلط تقریر پڑھ گئے</caption><url href="Filename: http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2015/09/150915_zimbabwe_mugabe_wrong_speech_hk" platform="highweb"/></link>
مقامی میڈیا میں رپورٹ کیے جانے والے معطلی کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے نائب رجسٹرار تاکاویرا نے یونیورسٹی کے لیے شرمندگی کا سامان پیدا کیا کیونکہ انھوں نے 92 سالہ صدر موگابے کے لیے ایسی ٹوپی بھجوائی جو ان کے سر کے لیے بہت چھوٹی تھی۔
تاکاویرا نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ صدر کے دفتر سے اس بارے میں کوئی شکایت نہیں کی گئی تھی۔
بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے صدر موگابے کا ممکنہ غصہ ٹھنڈا کرنے کے لیے از خود کیا گیا ہے۔
نامہ نگاروں کے مطابق گذشتہ برس کی تقریب میں بھی صدر کے خطاب کے دوران محسوس کیا گیا کہ گریجوایشن کیپ صدر کے سر پر پوری نہیں آئی تھی۔
ہمارے نامہ نگار کے مطابق اس سال بھی صدر کے لیے نئی ٹوپیاں بنوائیں گئیں۔ ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ ڈرائیور ناپ کے لیے ٹوپیاں لے کر آیا تھا لیکن صدر کے محافظوں نے اسے باہر سے ہی لوٹا دیا۔
اسی کا نیتجہ تھا کہ دو اکتوبر کو ہونے والی تقریب میں صدر کو ایک بار پھر اپنے سر سے چھوٹی ٹوپی پہننی پڑی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاکاویرا یونیورسٹی انتظامیہ کے اس اقدام کو ملک کی لیبر کورٹ میں چیلنج کرنے والے ہیں۔







