اسد سے ملاقات کے بعد پوتن کے مخالفین سے رابطے
شام کے صدر بشارالاسد کے ماسکو کے غیر اعلانیہ دورے کے بعد ان کے روسی ہم منصب نے صدر اسد کے مخالف سعودی عرب اور ترکی کے سربراہان سے ٹیلی فون پر رابطے کیے ہیں۔
صدر پوتن نے سعودی عرب کے بادشاہ سلمان اور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سے بات کی ہے۔ یہ دونوں ممالک شام میں اسد مخالف باغیوں کے بڑے حمایتی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی اور روئٹرز کے مطابق صدر پوتن نے ٹیلی فون پر ترکی کے صدر سے بات چیت میں صدر بشارالاسد کے دورے اور شام کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔
اس کے علاوہ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لورووف نے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری سے بات کی ہے۔
شامی صدر ہنگامی دورے پر ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی خواہش تھی کہ بشارالاسد ماسکو میں رک جاتے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

شام کے صدر بشارالاسد نے روس کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انھوں نے روس کے صدر ولادی میر پوتن سے ملاقات کی۔
صدر اسد کا روس کا یہ دورہ غیر اعلانیہ تھا۔
روس کے صدر کے ترجمان دمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ ’مسٹر اسد منگل کی شام روس پہنچے جہاں انھوں نے صدر پوتن سے ملاقات کی۔‘
بشار الاسد نے شام کی سلامتی اور آزادی کے لیے اس کا ساتھ دینے پر روس کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کی مداخلت سے ’شام میں ایسے واقعات وقوع پذیر نہیں ہوئے جن کی وجہ سے مزید المناک حالات پیدا ہوتے۔‘
صدر اسد کا کہنا تھا کہ ’مسئلے کے سیاسی حل میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشت گردی ہے۔ اور یقیناً اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے صرف قیادت ہی نہیں بلکہ پوری شامی قوم خواہش مند ہے۔‘
روس نے 30 ستمبر سے شام میں فضائی حملے شروع کیے تھے جس میں اس کا کہنا تھا کہ دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکہ پہلے ہی دولتِ اسلامیہ کے خلاف حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ادھر مغربی ممالک اور شامی کارکنوں کا کہنا ہے کہ روسی جہاز ان جنگجوؤں کو نشانہ بنا رہے ہیں جن کا تعلق دولتِ اسلامیہ سے نہیں ہے۔ لیکن روس نے الزام کی تردید کی ہے۔
روس کے صدر کے ترجمان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دہشت گرد تنظیموں سے لڑائی، شام میں روس کے فضائی حملے اور شام کی سرکاری افواج کی منصوبہ بندی پر بات کی۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ سنہ 2011 میں شام میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد صدر بشار الاسد کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
کریملن کے بیان کے مطابق ’صدر پوتن نے شام کو دوست قرار دیا اور کہا کہ روس شام میں نہ صرف عسکری کارروائی میں مدد کرے گا بلکہ ملک میں امن کے حصول کے لیے سیاسی حل پر بھی مدد کرنے کو تیار ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ روس کو خدشہ ہے کہ سابق سویت ریاستوں کے کم سے کم چار ہزار افراد شام میں باغیوں کے ساتھ لڑائی میں شریک ہیں۔
’ایک مرتبہ جب ان کی نظریاتی تربیت ہو جائے اور انھیں لڑنے کا تجربہ بھی ہو، تو ہم انھیں واپس روس نہیں آنے دیں گے۔‘







