’عرب اتحادیوں کے باعث یمن کی امداد میں خلل‘

اقوامِ متحدہ کے مطابق یمن اس وقت بدترین انسانی بحران کا شکار ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشناقوامِ متحدہ کے مطابق یمن اس وقت بدترین انسانی بحران کا شکار ہے

امریکہ کی بحری فوج کا کہنا ہے کہ عرب اتحاد کے باعث یمن میں امدادی کوششوں میں سستی آ رہی ہے۔

امریکی بحریہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسانی بحران کا شکار یمن کے لیے امداد کی ترسیل سست روی کا شکار ہوئی ہے جس کی وجہ سعودی عرب کے اتحاد کی جانب سے تجارتی بحری جہازوں کو جنگ زدہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت ہے۔

<link type="page"><caption> یمن کی ’بھولی ہوئی جنگ‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2015/09/150911_yemen_forgotten_war_sh" platform="highweb"/></link>

<link type="page"><caption> قطر نے یمن میں ’ایک ہزار‘ فوجی تعینات کر دیے</caption><url href="Filename: http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2015/09/150908_qatar_troops_yemen_zz" platform="highweb"/></link>

عرب اتحاد یمن کے بیشتر علاقوں پر قبضہ حاصل کرنے والے حوثی باغیوں کے خلاف لڑ رہا ہے۔ اس نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امداد لے جانے والے جہازوں کو جانے کی اجازت دے رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق یمن اس وقت بدترین انسانی بحران کا شکار ہے۔

ایک طویل عرصے سے فضائی اور بحری اڈوں پر لڑائی کے باعث بندش سے امدادی کارروائیوں میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بدھ کو شائع ہونے والی رپورٹ میں امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ بحیرۂ احمر میں ’جنگی جہاز تنبیہ جاری کر رہے ہیں کہ تجارتی جہاز علاقے سے دور رہیں۔

’ایسے تمام جہاز جن کے پاس مصدقہ اجازت نامے اور دستاویزات ہوں گی انھیں آگے بندرگاہوں تک جانے کی اجازت ہوگی جبکہ دیگر تمام جہازوں کو واپس لوٹا دیا جائے گا۔‘

رپورٹ کے مطابق یمن کی حکومت نے جہازوں کو آنے کی اجازت دی ہے تاہم عرب اتحاد اس سے انکاری ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یمن کی حکومت اور اس کے عرب اتحادیوں میں رابطے کا فقدان ہے۔

تاہم اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد العصری نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف جہازوں کے کاغذات کی ضروری جانچ پڑتال کی جاری ہے تاکہ حوثی باغیوں کے لیے ممکنہ اسلحے کی فراہمی کو روکا جا سکے۔