’چار روسی کروز میزائل شام کی بجائے ایران میں گرے تھے‘

،تصویر کا ذریعہRussian Ministry of Defence
امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کی جانب سے شام میں جاری کارروائی کے دوران داغے گئے کروز میزائلوں میں سے چار ایرانی سرزمین پر گرے تھے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی محکمۂ دفاع کے حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چار روسی میزائل شام کی بجائے ایران میں گرے تھے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ میزائل کس مقام پر گرے اور ان سے کوئی نقصان بھی ہوا ہے یا نہیں۔
روسی وزارتِ دفاع نے امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام میزائل ہدف پر لگے تھے۔
وزارت کے ترجمان جنرل آئیگور کوناشنکوف نے کہا ہے کہ ’کوئی بھی پیشہ ور یہ جانتا ہے ایسی کارروائیوں میں نشانہ بننے سے پہلے اور بعد میں بھی ہدف کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ ہمارے تمام میزائلوں نے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔‘
ایرانی خبر رساں ادارے فارس نے بھی اس دعوے کو روس کے خلاف امریکہ کی نفسیاتی جنگ کا حصہ قرار دیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
البتہ ایک اور ایرانی نیوز ایجنسی ارنا نے بدھ کو یہ خبر دی تھی کہ مغربی آذربائیجان نامی صوبے کے ایک گاؤں میں ایک فضا سے آنے والی ایک نامعلوم چیز کریش ہوئی ہے۔ یہ صوبہ روسی میزائلوں کے مجوزہ راستے پر واقع ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
روس نے بدھ کو بتایا تھا کہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے بحیرۂ کیسپیئن میں موجود جنگی بحری جہازوں سے شام کے شمالی اور شمال مغربی صوبوں میں 11 مقررہ اہداف پر 26 کروز میزائل داغے گئے تھے۔
لاوروو اور کیری کی بات چیت
ادھر روسی حکام کے مطابق ملک کے وزیرِ خارجہ سرگے لاورو اور ان کے امریکی ہم منصب جان کیری کے درمیان شام میں دونوں ممالک کی عسکری کارروائیوں پر بات ہوئی ہے۔
روس کی وزارتِ خارجہ کی ویب سائٹ پر شائع کیے گئے بیان کے مطابق جان کیری نے جمعرات کو سرگے لاورو کو فون کیا اور اس گفتگو کے دوران شام کی فضائی حدود میں کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کا معاملہ زیرِ بحث رہا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ اور دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف لڑائی میں مربوط کوششیں کرنے پر بھی بات کی۔







