سپاہیوں پر حملہ کرنے والا شخص ہلاک: اسرائیلی حکام

گذشتہ ہفتے ایک فلسطینی کو دو افراد کو قتل کرنے کے الزام میں ہلاک کیا گیا تھا

،تصویر کا ذریعہIsraeli police

،تصویر کا کیپشنگذشتہ ہفتے ایک فلسطینی کو دو افراد کو قتل کرنے کے الزام میں ہلاک کیا گیا تھا

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوب میں دو اسرائیلیوں کو زخمی کرنے والے شخص کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق کریات باٹ کے علاقے میں ایک سپاہی اس وقت معمولی زخمی ہو گیا جب ایک شخص نے اس پر وار کر کے اس کا ہتھیار چھیننے کی کوشش کی۔ بعد ازاں پولیس نے اس شخص کے حملے کو ناکام بنا دیا۔

پولیس نے کہا ہے کہ اس سے قبل ایک فلسطینی خاتون نے ایک اسرائیلی شخص پر وار کیا تھا جس نے پھر انھیں یروشلم شہر کے قدیم علاقے میں ہلاک کر دیا۔

یہ واقعات اسرائیل اور غربِ اردن میں تشدد کے واقعات میں اضافے کو ظاہر کر رہے ہیں۔

ملک کی سکیورٹی صورت حال کے پیشِ نظر اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے اپنا دورۂ جرمنی ملتوی کر دیا ہے۔

حکام نے کریات باٹ میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ تاہم مقامی میڈیا کے مطابق پولیس کا خیال ہے کہ یہ شخص عرب تھا۔

وائے نیٹ نیوز کے مطابق مشتبہ شخص نے بس سے اترنے کے بعد اسرائیلی شخص سے ہھتیار چھینا اور پھر قریبی رہائشی عمارت میں چھپنے کی کوشش کی۔ اطلاعات کے مطابق بعد میں وہ وہاں پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

ایمبولینس سروس کے ترجمان کے مطابق عسقلان شہر میں معمولی زخمی ہونے والے دو افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔