11 سالہ بچے نے آٹھ سالہ بچی کو قتل کر دیا

،تصویر کا ذریعہWATE 6 ON YOUR SIDE
امریکی ریاست ٹینیسی میں ایک 11 سالہ لڑکے کو ایک آٹھ سالہ بچی پر گولی چلا کر اسے قتل کرنے کے شبہے میں پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ اس لڑکے پر کم سنی میں قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق لڑکے نے سنیچر کی شام کو اپنی ہمسائی مکائلا ڈایر پر گولی چلائی جب مکائلا نے اسے اپنا کتا دکھانے سے انکار کر دیا تھا۔
مکائلا کی والدہ نے کہا کہ دونوں بچے وائٹ پائن کے علاقے میں قائم ایک ہی سکول میں پڑھتے تھے جو کہ نیش ویل کے علاقے سے 200 میل مشرق کی طرف واقع ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ جب سے ان کا خاندان علاقے میں منتقل ہوا تھا تب سے انھیں اس بچے کی جانب سے کئی مسائل در پیش تھے۔
انھوں نےٹی چینل ’ویٹ ٹی وی‘ کو بتایا ’وہ مکائلا کا مذاق اڑاتا تھا اور اس کے ساتھ بدتمیزی کرتا تھا۔ مجھے اُس کے خلاف شکایت کرنے کے لیے سکول کے پرنسپل تک جانا پڑا تھا جس کے بعد وہ رک گیا۔ لیکن اچانک اس نے کل مکائلا کو گولی سے مار ڈالا۔ ہماری تو ساری دولت ہی وہ تھی۔ وہ ماں کی اچھی بیٹی تھی۔ جب میں برے موڈ میں ہوتی تھی تو وہ مجھے ہنسا دیتی تھی۔ مجھے وہ واپس اپنی باہوں میں چاہیے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’دا گن وائلینس آرکائو‘ نامی ایک تنظیم کا جو امریکہ میں آتشی اسلحے کے تشدد پر اعداد و شمار سے لوگوں کو آگاہ کرتی ہے کہنا ہے کہ ملک میں رواں سال 11 سال یا اس سے کم عمر کے 559 بچے گولی لگنے سے ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہmckayladyer8yearoldgirl
جیفرسن کاؤنٹی شیرف بڈ مک کوئیگ نے کہا کہ لڑکے نے اپنے والد کی 12 بور کی بندوق سے بچی پر گولی اپنے گھر میں چلائی۔
مکائلا کو ایک قریبی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں بعد میں وہ انتقال کر گئی تھی۔
مکائلا کی ہمسائی چیسٹٹی آروڈ نے ڈبلیو بی آئی آر نامی چینل کہ بتایا کہ جب انھوں نے گولی چلنے کی آواز سنی تو انھوں نے مکائلا کو باہر گھاس میں پڑے ہوئے دیکھا۔
انھوں نے کہا ’اس کی ماں، خالہ، نانا، نانی، بہن بھائی کو سنبھالنا میرے لیے سب سے مشکل کام تھا۔‘
بچے کی شناخت کو اس کی کم سنی کی وجہ سے ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ اسے عدالت میں 28 اکتوبر کو دوبارہ پیش کیا جائے گا۔
یہ واقع اوریگن کی ریاست کے ایک چھوٹے علاقے کے کالج میں فائرنگ کے واقعے کے محض دو دن بعد پیش آیا ہے جس میں نو لوگ قتل کیے گئے تھے۔







