چارلسٹن کا مشتبہ حملہ آور گرفتار، اسلحے کے حق پر دوبارہ بحث

،تصویر کا ذریعہGetty
امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں افریقی نژاد امریکیوں کے گرجا گھر پر ایک سفید فام حملہ آور کی فائرنگ سے چھ خواتین سمیت نو افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں اسلحے تک رسائی کے معاملے پر دوبارہ بحث چھڑ گئی ہے۔
ادھر ملک کی مختلف ریاستوں میں ہلاک شدگان کے لیے دعائیہ تقاریب منعقد کی گئی ہیں۔
فائرنگ کا یہ واقعہ چارلسٹن نامی شہر میں واقع تاریخی گرجا گھر ایمینوئل افریقن میتھوڈسٹ چرچ میں پیش آیا تھا اور پولیس نے اب اس واقعے میں ملوث 21 سالہ حملہ آور ڈِلن روف کو گرفتار کر لیا ہے۔
لیکسنگٹن نامی علاقے کے رہائشی ڈِلن کو واقعے کے کئی گھنٹے بعد شمالی کیرولائنا کے علاقے شیلبی میں ایک مقامی گل فروش کی اطلاع پر گرفتار کیا گیا تاہم اب انھیں واپس چارلسٹن منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے نفرت پر مبنی اس جرم کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور فائرنگ کرنے سے پہلے ایک گھنٹے تک چرچ کے اندر بیٹھا رہا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAP
پولیس کو ملنے والی ویڈیو فوٹیج میں مشتبہ حملہ آور کو چرچ کے اندر بیٹھے اور پھر ایک چار دروازوں والی بڑی کار میں وہاں سے روانہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ادھر آئندہ صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی کے حصول کے لیے مضبوط امیدوار اور سابق وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکہ کو نسل، اسلحے اور تشدد کے معاملات میں ’سخت سچائیوں‘ کا سامنا کرنے کی ضرورت ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جمعرات کو ایک انتخابی جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’آنے والے دنوں میں ہم ایک بار پھر یہ سوال اٹھائیں گے کہ اس المناک واقعے کی وجہ کیا بنی اور ہمیں بطور قوم کیا کرنے کی ضرورت ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’اس معاملے کو سمجھنے کے لیے ہمیں دیانتداری سے کام لینا ہوگا۔ ہمیں نسل، تشدد، اسلحے اور تقسیم کے بارے میں سخت سچائیوں کا سامنا کرنا ہو گا۔‘
امریکی صدر براک اوباما نے بھی ملک میں اسلحہ رکھنے کے حق کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی برادریاں پہلے بھی افسوسناک واقعات کا سامنا کر چکی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ کو کسی موقعے پر اس مسئلے کو اس حقیقت کے ساتھ نمٹنا ہو گا کہ قتل عام کے واقعات اس تواتر کے ساتھ دوسرے ترقی یافتہ ممالک میں کیوں پیش نہیں آتے۔
براک اوباما نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ ایمینوئل افریقن میتھوڈسٹ چرچ کے پادری سمیت کئی ارکان کو جانتے تھے۔
انھوں نے کہا کہ چارلسٹن کی تاریخ میں یہ گرجا گھر ’مقدس مقام‘ رہا ہے اور وہ پرامید ہیں کہ چرچ میں عبادت کے لیے جمع ہونے والے افراد اور برادری دوبارہ کامیابی سے اٹھ کھڑی ہو گی۔
چارلسٹن کا ایمینوئل افریقن میتھوڈسٹ چرچ افریقی نژاد امریکی مسیحیوں کی امریکہ میں موجود قدیم ترین عبادت گاہوں میں سے ایک ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وہاں فائرنگ مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے کے قریب اس وقت کی گئی جب گرجا گھر میں لوگ عبادت کے لیے جمع تھے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
چارلسٹن پولیس کے سربراہ گریگری ملن نے کہا ہے کہ ہلاک شدگان میں سے آٹھ کو چرچ کے اندر فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا جبکہ ایک شخص کچھ دیر بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
دعائیہ تقاریب
جمعرات کی شب چارلسٹن کے کئی گرجا گھروں میں ہلاک شدگان کے لیے منعقد ہونے والی دعائیہ تقریب میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
سخت گرم موسم کے باوجود سینکڑوں افراد حملے کا نشانہ بننے والے چرچ کے باہر بھی جمع ہوئے۔ موقعے پر موجود ایک خاتون مارتھا واٹسن کا کہنا تھا کہ ’ہمیں نسل پرستی سے پاک مہذب زندگی گزارنے کے لیے اب مل کر یہ جنگ لڑنی ہو گی۔‘
چارلسٹن کے علاوہ نیویارک، میامی، ڈیٹروئٹ اور فلاڈیلفیا سمیت امریکہ کے دیگر شہروں میں بھی دعائیہ تقاریب اور مظاہروں کا اہتمام کیا گیا۔
نیویارک میں مظاہروں کے شرکا نے جو پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ان پر ’سیاہ فاموں کی زندگی بھی اہم ہے‘ اور ’سیاہ فاموں کو مارنا بند کرو‘ جیسے نعرے درج تھے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service







