امریکہ میں مخالف گروہوں کی لڑائی میں نو افراد ہلاک، 100 گرفتار

لڑائی کا آغاز گھونسے مارنے سے ہوا تاہم بعد میں اسلحہ استعمال کیا گیا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنلڑائی کا آغاز گھونسے مارنے سے ہوا تاہم بعد میں اسلحہ استعمال کیا گیا

امریکہ کی ریاست ٹیکسس میں پولیس حکام کے مطابق مخالف گروہوں میں فائرنگ کے تبادلے میں نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور کم از کم 100 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ریاست کے شہر ویکو کے ٹوئن پیکس سپورٹس بار اینڈ گرل میں دو موٹر سائیکل سوار حریف گروہوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

حکام کے مطابق آٹھ موٹرسائیکل سوار موقعے پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں۔

ایک عینی شاید مائیکل لوگن نے مقامی اخبار ویکو ٹریبیونل ہیرلڈ کو بتایا کہ ’ریستوران کی کار پارکنگ میدان جنگ بن گئی تھی اور اندازے کے مطابق 30 کے قریب بندوقیں استعمال کی جا رہی تھیں۔‘

پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پانچ گروہ ملوث تھے۔ یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کو پیش آیا۔ لڑائی کا آغاز بظاہر پارکنگ کی جگہ پر گھونسے مارنے سے ہوا تاہم بعد میں زنجیروں، ڈنڈوں اور چاقوؤں کے استعمال کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔

پولیس کے ترجمان ڈبلیو پیٹرک کے مطابق ہو سکتا ہے کہ فائرنگ کا سلسلہ ویکو کے اطراف میں ابھی تک جاری ہو اور اس لیے شہری گھروں سے باہر نکلنے پر احتیاط کریں۔

پولیس کے مطابق تین افراد کو موقعے پر گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس واقعے میں پولیس کے کسی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔

.