شام میں فضائی حملوں پر روس کو نیٹو کی تنبیہ

روس کا کہنا ہے کہ وہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کو نشانہ بنا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنروس کا کہنا ہے کہ وہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کو نشانہ بنا رہا ہے

نیٹو نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے مخالفین اور عام شہریوں پر فضائی حملے بند کر دے۔

تنظیم نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ روس کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے شدید خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

روس کا کہنا ہے کہ وہ شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کو نشانہ بنا رہا ہے لیکن ترکی اور امریکی اتحاد کا کہنا ہے کہ روس کا ہدف شامی حکومت کے مخالفین ہیں۔

<link type="page"><caption> شام میں اپنی فضائی کارروائیاں تیز کریں گے: روس</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2015/10/151003_russia_syria_intensify_sq.shtml" platform="highweb"/></link>

<link type="page"><caption> ’روسی افواج کی مداخلت سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2015/10/151003_cameron_russia_strikes_syria_zh.shtml" platform="highweb"/></link>

<link type="page"><caption> روسی بمباری سے دولتِ اسلامیہ مضبوط ہو رہی ہے، اوباما</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2015/10/151002_obama_russia_isis_syriya_tk.shtml" platform="highweb"/></link>

ادھر شام میں 40 سے زیادہ حکومت مخالف گروہوں نے روسی حملوں کے خلاف خطے کے ممالک سے روس اور ایران کے خلاف اتحاد قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان گروپوں نے روس پر الزام لگایا ہے کہ وہ شام پر قبضہ کر رہا ہے۔

مطالبہ کرنے والے گروپوں میں القاعدہ کا حامی النصرہ فرنٹ تو شامل نہیں لیکن طاقتور ملیشیا احرار الشام نے ضرور اس مطالبے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

نیٹو کے 28 رکن ممالک کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں روس کو ’اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے لاحق ہونے والے شدید خطرات‘ کے بارے میں تنبیہ کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ ’فضائی مہم بند کر دے۔‘

تنظیم کا کہنا ہے کہ روس کے اقدامات ’مزید خطرناک سطح پر پہنچ گئے ہیں۔‘

یہ بیان ایک ایسے وقت آیا ہے جب ایک <link type="page"><caption> روسی جنگی طیارے نے ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2015/10/151005_turkey_russian_planes_sh" platform="highweb"/></link>

روس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ نیوی گیشن کی غلطی کے باعث پیش آیا جبکہ امریکہ کا کہنا ہے کہ ترک فوج کے پاس ایسے کسی طیارے کو مار گرانے کا حق ہے۔