روس کے علاقائی انتخابات میں ووٹنگ جاری

روس کے ان علاقائی انتخابات میں تقریبا چھ کروڑ افراد یعنی آبادی کا نصف حصہ ووٹ ڈالنے کا اہل ہے

،تصویر کا ذریعہRIA Novosti

،تصویر کا کیپشنروس کے ان علاقائی انتخابات میں تقریبا چھ کروڑ افراد یعنی آبادی کا نصف حصہ ووٹ ڈالنے کا اہل ہے

روس میں آج علاقائی انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جس سے آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کے رجحانات کا اندازہ ہو سکتا ہے۔

تقریبا چھ کروڑ افراد یعنی آبادی کا نصف حصہ ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا اہل ہے۔

واضح رہے کہ یہ ووٹ علاقائی پارلیمان اور گورنروں کو منتخب کرنے کے لیے ڈالے جا رہے ہیں۔

تاہم ان انتخابات میں اہم حزبِ اختلاف ڈیموکریٹک اتحاد کو صرف ایک علاقے کوسٹروما سے انتخابات لڑنے کی اجازت دی گئی ہے۔

حزب اختلاف کے اس اتحاد میں قتل ہونے والے رہنما بورس نیمتسوو اور احتجاجی رہنما ایلیکسی ناولنی کی پارٹیاں شامل ہیں۔

ان انتخابات سے آئندہ سال ہونے والے انتخابات کے رجحان کا پتہ چل سکتا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنان انتخابات سے آئندہ سال ہونے والے انتخابات کے رجحان کا پتہ چل سکتا ہے

ناولنی بذات خود انتخابات نہیں لڑ سکتے ہیں کیونکہ وہ غبن کے ایک مقدمے میں قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ ان کا کہنا ہے کہ ان پر لگائے جانے والے الزامات جھوٹے ہیں۔

صدر ولادیمیر پوتن کے تحت ڈیوما کا حزبِ اختلاف کا اصلی کردار ختم ہو چکا ہے جبکہ پوتن کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ان انتخابات کی اہمیت اس بات میں مضمر ہے کہ ایک سال کی معاشی مشکلات کے بعد ان انتخابات سے روسی عوام کے موڈ کا پتہ چلے گا۔

خیال رہے کہ یہ معاشی مشکلات تیل کی کم قیمت اور یوکرین میں روس کے کردار پر مغربی ممالک کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کا نتیجہ تھیں۔

احتجاجی رہنما ایلیکسی ناولنی نے ان انتخابات میں دھاندھلیوں کا امکان ظاہر کیا ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشناحتجاجی رہنما ایلیکسی ناولنی نے ان انتخابات میں دھاندھلیوں کا امکان ظاہر کیا ہے

روس میں موجود بی بی سی کی نامہ نگار سارہ رینسفورڈ کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹک اتحاد کے لیے انتخابی مہم بہت آسان نہیں تھی کیونکہ انھیں سرکاری میڈیا میں انتہائی کم جگہ ملی تھی اور ان پر امریکہ کے لیے کام کرنے کے الزامات تھے۔

حزبِ اختلاف کے اتحاد کے امیدواروں کو کلوگا، مگادن اور نوووسیبرسک جیسے علاقوں میں مقننہ کی بحث میں حصہ نہیں لینے دیا گیا۔

حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ حکام نے سیاسی وجوہات کے تحت تکنیکی چیزوں کا بہانہ بنا کر انھیں ان علاقوں سے لڑنے سے باز رکھنے کے لیے ایسا کیا۔

سنیچر کو ناولنی نے روسی زبان میں فیس بک پر ماسکو کے شمال مشرقی علاقے کوستروما کے بارے میں پوسٹ کیا کہ وہاں حزب اختلاف کے ممبروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ انھوں نے اتوار کو ہونے والے انتخابات کے بارے میں ’زبردست دھاندھلیوں‘ کا الزام لگایا ہے۔

بورس نیمتسوو کو کریملن کے پاس اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ چہل قدمی کر رہے تھے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنبورس نیمتسوو کو کریملن کے پاس اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ چہل قدمی کر رہے تھے

روس کی اہم حزب اختلاف نے اپریل میں مسٹر نیمتسوو کے قتل کے تقریبا دو ماہ بعد اتحاد قائم کیا۔ خیال رہے کہ انھیں اس وقت گولی مار دی گئی تھی جب وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ کریملن کے پاس چہل قدمی کر رہے تھے۔

نیمتسوو کی پارٹی پارنس کا کہنا ہے کہ علاقائی انتخابات سنہ 2016 میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے سرپنگ بورڈ ثابت ہوں گے۔