’بورس کی ہلاکت کے لیے پوتن سیاسی طور پر ذمہ دار ہیں‘

ژانا نے بتایا کہ معاملے کی چھان بین کے سلسلے میں ابھی تک کسی اہلکار نے ان سے رابطہ نہیں کیا ہے۔
،تصویر کا کیپشنژانا نے بتایا کہ معاملے کی چھان بین کے سلسلے میں ابھی تک کسی اہلکار نے ان سے رابطہ نہیں کیا ہے۔

روسی حزبِ اختلاف کے رہنما بورس نیمتسوو کی بیٹی نے اپنے والد کے قتل کے لیے ’سیاسی طور پر‘ روس کے صدر ولادیمير پوتن کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

ژانا نیمتسووا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد کی لڑائی صرف صدر پوتن سے تھی کسی اور سے نہیں۔

ولادیمیر پوتن اور ان کی یوکرین پالیسی کے ناقد نیمتسوو کو 27 فروری کو ماسکو میں کریملن کے قریب ہی ایک پل پر اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ رات کے وقت پیدل جا رہے تھے۔

روسی صدر نے اس قتل کی سخت مذمت کی تھی لیکن نیمتسوو کی بیٹی نے اپنے والد کی ہلاکت کے لیے پوتن پر ہی انگلي اٹھائی ہے۔

ژانا نیمتسووا نے کہا، ’وہ روسی حزبِ اختلاف کے سب سے طاقتور رہنما اور پوتن کے سب سے بڑے ناقد تھے، ان کی لڑائی پوتن سے تھی، نہ کہ کسی اور سے۔‘

انھوں نے کہا کہ بورس کے قتل کے بعد روس میں ’حزبِ اختلاف کا جیسے سر ہی کاٹ دیا گیا ہو اور اب ہر کوئی خوفزدہ ہے۔‘

اس سوال پر کہ کیا وہ اپنے والد کے قتل کے لیے روسی صدر کو ذمہ دار مانتی ہیں تو نیمتسووا کا جواب تھا، ’ہاں، سیاسی طور پر۔‘

ژانا نے بتایا کہ معاملے کی چھان بین کے سلسلے میں ابھی تک کسی اہلکار نے ان سے رابطہ نہیں کیا ہے۔

بورس نیمتسوو کو 27 فروری کو ماسکو میں کریملن کے قریب ہی ایک پل پر گولی مار دی گئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنبورس نیمتسوو کو 27 فروری کو ماسکو میں کریملن کے قریب ہی ایک پل پر گولی مار دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ اتوار کو ماسکو کی ایک عدالت نے بورس نیمتسوو کے قتل کے تعلق میں دو افراد پر فردِ جرم عائد کی تھی۔

تاہم روس میں حقوق انسانی کی کونسل کے ایک رکن کے مطابق بورس نیمتسوو کے قتل کے الزام میں گرفتار ایک ملزم سے تشدد کے ذریعے اعترافِ جرم کرایا گیا۔

ملزم زاؤر دادیو نے عدالت میں اعتراف کیا ہے کہ وہ 27 فروری کو رات گئے کریملن کے قریب ایک پل پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے میں ملوث تھا۔

قومی انسانی کی کونسل کے رکن اینڈری بابوشکن نے ملزم زاؤر دادیو سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ان کے پاس اس بات پر یقین کرنے کے جواز ہیں کہ زاؤر دادیو سے تشدد کے ذریعے اعترافِ جرم کرایا گیا۔

انھوں نے کہا کہ وہ لوگ جو تحقیقات میں شامل نہیں ہیں وہ ان کے دعوے کی جانچ پڑتال کریں۔

ملزم زاؤر دادیوو وزارتِ داخلہ کی ایک بٹالین میں چیچنیا میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنملزم زاؤر دادیوو وزارتِ داخلہ کی ایک بٹالین میں چیچنیا میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

زاؤر دادایو کے مطابق اتوار کو عدالت میں پیشی کے دوران انھوں نے یہ بتانے کا ارادہ کیا تھا کہ انھوں نے اعتراف کیوں کیا لیکن انھیں بولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس کیس کے دوسرے ملزم اینزر گوباشیو کا کہنا ہے کہ وہ بے قصور ہیں۔

یہ دونوں افراد جن پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے کے بارے میں بہت کم اطلاعات ہیں مگر اطلاعات ہیں کہ زاؤر دادیوو وزارتِ داخلہ کی ایک بٹالین میں چیچنیا میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ بورس نیمستوو کو اُس وقت قتل کیا گیا جب وہ یوکرین میں جنگ کے خلاف ایک بڑے جلوس کا انعقاد کرنے والے تھے اس کے علاوہ وہ ایک رپوٹ بھی لکھ رہے تھے جس میں وہ اس تنازعے میں روس کے خفیہ طور پر ملوث ہونے کے حوالے سے معلومات افشا کرنے والے تھے۔