سیاہ فام نوجوان کی برسی کے موقعے پر فائرنگ، ایک نوجوان کی حالت نازک

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی ریاست مزوری کے شہر فرگوسن میں سیاہ فام نوجوان مائیکل براؤن کے قتل کی ایک سالہ برسی کے موقعے پر ہونے والے مظاہرے میں زخمی ہونے والے نوجوان کی ’حالت نازک اور غیر مستحکم‘ ہے اور ان کی سرجری کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پہلے اس نوجوان نے فائرنگ کی جس کے بعد انھیں گولی ماری گئی۔
یہ واقعہ سیاہ فام نوجوان مائیکل براؤن کے قتل کی ایک سالہ برسی کے موقعے پر پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے نوجوان کے پاس چوری کی ہوئی بندوق تھی اور وہ اس کا پیچھا کر رہے تھے۔
چار پولیس اہلکاروں کو انتظامی رخصت پر بھیج دیا گیا ہے، جبکہ اس نوجوان کا نام اور عمر ظاہر نہیں کی گئی۔
سینٹ لوئس کی مقامی پولیس کے مطابق ایک پولیس افسر نے ’اپنے اوپر ہونے والی گولیوں کی بوچھاڑ کے جواب میں فائرنگ کی ہے،‘ اور یہ کہ ’فائرنگ دو نامعلوم گاڑیوں سے کی گئی تھی۔‘
ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں ایک سیاہ فام شخص کو زمین پر زخمی حالت میں پڑے دیکھا جا سکتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
خیال رہے کہ گذشتہ برس مزوری میں ایک سفید فام پولیس افسر ڈیرن ولسن کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں 18 سالہ نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کے بعد ملک بھر میں پولیس کی جانب سے کیے جانے والے امتیازی سلوک کے خلاف عوامی سطح پر مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔
اتوار کے روز مائیکل براؤن کی پہلی برسی کے موقعے پر فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مظاہرین کی بڑی تعداد برسی کا دن پُرامن طور پر گزارنے کے بعد مغربی فلوریسنٹ ایونیو پر جمع ہوئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر ہو جانے کا اعلان بھی کیا گیا تھا اور لاؤڈ سپیکر کے ذریعے کہا گیا تھا کہ ’اب مظاہرین پرامن نہیں رہے۔‘
اِس سے پہلے توار کی صبح جس جگہ مائیکل براؤن کو ہلاک کیا گیا تھا وہاں سینکڑوں افراد نے کھڑے ہوکر ساڑھے چار منٹ کی خاموشی اختیار کی تھی، اس وقت کی یاد میں جب مائیکل براؤن کی لاش سڑک پر بے آسرا پڑی رہی تھی۔







