کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ، 13 ہزار افراد کے انخلا کا حکم

،تصویر کا ذریعہGetty
امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں 20 مقامات پر لگی آگ کے باعث 13 ہزار افراد کو علاقہ خالی کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جبکہ آگ بجھانے والا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
حکام کے مطابق پیر کو سارا دن آگ بجھانے والے عملے کے تقریباً 9000 ارکان چٹیل پہاڑیوں پر لگی آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے۔
سان فرانسسکو کے شمال میں لگی آگ کو ’راکی فائر‘ کا نام دیا گیا ہے اور اب تک یہ 90 مربع کلومیٹر علاقے میں پھیل چکی ہے۔
پیر کو یہ آگ اس علاقے میں واقع ایک شاہراہ تک پہنچ گئی تھی۔
حکام نے اس آگ کو غیرمعمولی قرار دیا ہے اور اس میں ایک ہفتے کے اندر تین گنا اضافہ ہوا ہے۔
نامہ نگاروں کے مطابق تیز ہواؤں سے پھیلنے والی آگ سے کم از کم 24 گھر تباہ ہوگئے ہیں۔
علاقہ خالی کرنے والے ایک شخص وکی ایسٹریلا کا کہنا تھا: ’میں نے آج تک ایسی آگ نہیں دیکھی۔ ’یہ حیران کن انداز میں پھیل رہی ہے۔ فضا میں 300 فٹ بلند دھواں تھا۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty
امریکہ کے مغربی علاقوں میں چار تک خشک سالی کے باعث بیشتر علاقہ خشکی پر مشتمل ہے۔ آب و ہوا میں نمی، کڑکتی بجلیوں اور تند و تیز ہواؤں کے باوعث آگ بجھانے والے عملے کو سخت حالات کا سامنا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
درجہ حرارت میں کمی کے باعث کچھ علاقوں میں آگ پر قابو پانے کی اطلاعات بھی ہیں، تاہم بارش متوقع نہیں ہے۔
مغربی امریکہ کے دیگر علاقوں میں بھی جنگلات میں لگی ہے۔ ریاست واشنگٹن میں 300 افراد کو دوسرے علاقوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ اوریگون میں 15 ہزار ایکڑ رقبہ آگ سے متاثر ہوا ہے۔







