فرانس: غیر قانونی تارکینِ وطن چینل ٹنل میں داخل

 کیلے میں بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن موجود ہیں اور وہ اکثر چھپ کر چنل ٹنل پار کر کے برطانیہ آنے کی کوشش کرتے ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشن کیلے میں بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن موجود ہیں اور وہ اکثر چھپ کر چنل ٹنل پار کر کے برطانیہ آنے کی کوشش کرتے ہیں

فرانس اور برطانیہ کو ملانے والی زیر سمندر ٹنل میں تقریباً 150 غیر قانونی تارکینِ وطن نے گھسنے کی کوشش کی ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان چلنے والی ٹرین سروس متاثر ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ رات فرانس کے علاقے میں غیرقانونی تارکینِ وطن سرنگ کے ممنوعہ حصے میں داخل ہوگئے تھے جس کی وجہ سے ٹرینوں میں تاخیر کے علاوہ کچھ ٹرینوں کو منسوخ بھی کرنا پڑا ہے۔

چینل ٹنل کی دیکھ بھال کی ذمہ دار کمپنی یوروٹنل کے ترجمان نے سرکاری حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چینل ٹنل کی حفاظت کے پیشِ نظر تارکینِ وطن کے بحران کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

کمپنی کے مطابق مسافر ٹرینوں کے ساتھ مال بردار ٹرینیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک سے انگلش چینل کو عبور کرنے کے منتظر ٹرکوں کی بھی طویل قطاریں دیکھی جاسکتی ہیں۔

کمپنی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جعمے کی رات کو فرانس کے شہر ’کیلے‘ میں اس سرنگ کے ارد گرد بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکینِ وطن جمع تھے۔

’ 150 کے قریب تارکینِ وطن چینل ٹنل میں داخل ہوئے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور ہمارے صارفین کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یورو ٹنل حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ سرنگ کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، تارکینِ وطن کو روکنے کے مناسب اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔‘

واضع رہے کہ کیلے میں بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن موجود ہیں اور وہ اکثر چھپ کر چنل ٹنل پار کر کے برطانیہ آنے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے پہلے بھی کئی بار دونوں ممالک کے درمیان آمدورفت متاثر ہو چکی ہے۔