میکسیکو: مسلح تصادم میں 43 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
میکسیکو کی ریاست میچواکن میں ہونے والے ایک مسلح تصادم میں کم از کم 43 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
جمعے کو سکیورٹی فورسز اور منشیات کا کاروبار کرنے والے مسلح گینگ کے درمیان جلیسکو کی سرحد کے پاس تنہوتو میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
اطلاعات کے مطابق یہ تصادم منشیات سے منسلک ہے اور مقامی اہلکاروں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کم از کم ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ حکومت اس علاقے میں منشیات کا کاروبار کرنے والے سب سے طاقتور گروہ جلیسکو نیو جنریشن سے ایک عرصے سے خونریز جنگ کر رہی ہے۔
نیشنل سکیورٹی کمشنرمونٹی الیجانڈرو روبیڈو کے مطابق ہلاک ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق منشیات کا کاروبار کرنے والے گروہ سے ہے۔ اس واقعے کی تفتیش کے لیے وفاقی سکیورٹی عہدیدار اس علاقے کا دورہ کر رہے ہیں۔
مقامی ریڈیو کے مطابق شہر کے میئر نے کہا ہے کہ جب فیڈرل پولیس کا ایک قافلہ جمعے کی صبح اس علاقے میں آیا تو اس پر حملہ کیا گیا۔
دو سال قبل میچواکن میں قائم ہونے والے نگراں حفاظتی گروپ نے منشیات کے نائٹ ٹمپلر گروہ کو وہاں سے نکال دیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
لیکن گذشتہ ہفتے نگراں حفاظتی گروپ کے ایک سابق رہنما کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ یہ رہنما آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات میں میئر کے امیدوار تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس علاقے میں منشیات کے نئے گروہ جلیسکو نیو جنریشن نے اپنی موجودگی میں اضافہ کیا ہے اور میچواکن اور جلیسکو ملک کی دو سب سے زیادہ پرتشدد ریاستوں میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ مارچ سے اب تک منشیات کے کاروبار میں ملوث لوگوں نے کم از کم 20 پولیس اہلکاروں اور فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔
جبکہ جنوری میں پولیس نے گروہ کے ایک رہنما کو پکڑنے کا دعویٰ کیا تھا۔
اسی ماہ جب اس گروہ نے ایک ہیلی کاپٹر کو مار گرایا تھا تو اس میں متعدد فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
جبکہ اپریل میں گھات لگاکر کیے جانے والے حملے میں مزید 15 اہلکار ہلاک ہو ئے تھے۔







