میکسیکو:چوری شدہ تابکار مادہ برآمد، چوروں کو خطرہ لاحق

میکسیکو میں مقامی حکام نے بتایا ہے کہ انھوں نے بدھ کو چوری ہونے والا وہ ٹرک تلاش کر لیا ہے جس پر خطرناک تابکار طبی مادہ لدا ہوا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تابکار مادہ کوبالٹ 60 اپنے حفاظتی خول سے نکال کر ویسے ہی چھوڑ دیا گيا تھا اور اس کی قربت میں رہنے کی وجہ سے چوروں کی جان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ چور اس مادے سے خارج ہونے والی تابکاری کی زد میں آئے ہوں گے لیکن مقامی رہائشیوں کی صحت کو اس سے کوئی خطرہ لاحق نہیں۔
یہ تابکار مادہ اور ٹرک دارالحکومت میکسیکو سٹی کے نواح سے برآمد ہوا۔
میکسیکو کے نیشنل جوہری سکیورٹی کمیشن (این این ایس سی) کے حکام نے بتایا کہ یہ تابکار مادہ ہوئپوکسلا شہر کے پاس ملا اور یہ اس جگہ سے بمشکل دو کلو میٹر کے فاصلے پر تھا جہاں سے ٹرک چوری ہوا تھا۔
این این ایس سی کے اہلکار مارڈونیو جیمینیز نے کہا: ’تابکار مادہ اپنے کنٹینر سے باہر 500 سے 700 میٹر کی دوری پر پڑا ہوا تھا۔‘ اس کے ساتھ ہی انھوں نے آگاہ کیا کہ اسے جس کسی نے کھولا تھا اس کی موت واقع ہو سکتی ہے کیونکہ اس مادے کی تابکار شدت بہت زیادہ تھی۔
مسٹر جیمینیز نے کہا: ’انھیں بالآخر کسی نہ کسی ہسپتال میں جانا پڑے گا اور ہم ان کا انتظار کر رہے ہیں۔‘
میکسیکو سٹی سے بی بی سی کے ول گرانٹ کا کہنا ہے کہ ’اس چوری سے یہ نہیں لگتا کہ یہ میکسیکو کے ڈرگز کارٹل کی کوئی سازش ہے بلکہ یہ موقع سے فائدہ اٹھانے والی بات زیادہ نظر آتی ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اب وہ تابکار مادہ حکام کی تحویل میں ہے اور فوج نے اس علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے۔
اطلاعات کے مطابق واکس ویگن ٹرک کے ڈرائیور نے جب تیپوہاکو شہر میں ایک پٹرول سٹیشن پر آرام کرنے کے لیے گاڑی روکی تو چوروں نے بندوق کی نال پر زبردستی ڈرائیور کو نیچے اتار کر باندھ دیا اور ٹرک لے کر فرار ہو گئے۔
بین الاقوامی جوہری توانائی کے ادارے آئي اے ای اے نے اس مادے کو ’انتہائی خطرناک‘ قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اس کا استعمال کسی قسم کے ’ڈرٹی بم‘ کی تیاری کے لیے کیا جا سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ چوری بظاہر موقعے کا فائدہ اٹھانے کا معاملہ دکھائی دیتا ہے جو الٹا چوروں کے گلے پڑ گیا۔
واضح رہے کہ کوبالٹ 60 کا استعمال کینسر کے علاج میں ہوتا ہے اور اسے میکسیکو کے شمالی شہر تیہوانا کے ہسپتال سے دارالحکومت کے قریب ایک ڈسپوزل مرکز لایا جا رہا تھا۔







