میکسیکو: مطلوب ترین منشیات سرغنہ گرفتار

میکسیکو کی فوج نے ملک کے مطلوب ترین منشیات سرغنہ کو ایک چھاپے کے دوران گرفتار کر لیا ہے۔
میکسیکو کی وزارت داخلہ نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر اس گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
ٹوئیٹ میں کہا گیا ہے کہ ’ فوج نے سنیچر کو ماریو آرمینڈو ریمیریز ٹریوینو کو گرفتار کر لیا ہے‘۔
میکسیکو میں حکام اس بارے میں باقاعدہ اعلان اتوار کو کریں گے۔ حکام نے اس حوالے سے مذید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
اس مطلوب ترین منشیات گینگ لیڈر ماریو ریمیریز ٹریوینو کو ’ایکس 20‘ کے نام سے جانا جاتا ہے ۔
انھیں کوکین، گانجہ اور چرس کی سمگلنگ کے گلف کارٹیل یعنی خلیج میکسیکو کی تجارتی انجمن کے سربراہ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دسمبر میں صدر اینرک پینا نیٹو کے اقتدار میں آنے کے بعد سے یہ دوسری اہم ترین گرفتاری ہے۔
امریکہ نے ریمیریز کی گرفتاری پر 50 لاکھ ڈالر جبکہ میکسیکو نے 30 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم رکھی ہوئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میکسیکو کے میڈیا کے مطابق ڈرگ لارڈ ریمیریز کو فوج اور بحریہ کے مشترکہ آپریشن میں میکسیکو کی شمالی ریاست ٹیمولی پاس میں ریو براوو کے مقام سے گرفتار کیا گیا۔
منشیات کی غیرقانونی تجارت کرنے والے ڈرگ لیڈر ریمیریز امریکہ کو سنہ 2006 سے مطلوب ہیں۔
انھیں بدنام زمانہ اور حیوان صفت زیٹاز کارٹیل کے سربراہ میگوئل اینگل ٹریوینو مورالس کی طرح کے ہی ’پرتشدد شخص‘ کے طور پر جانا جاتا ہے۔
میکسیکو کے میڈیا کے مطابق حکام کا خیال ہے کہ ان میں گلف اور زیٹا دونوں کارٹلوں کو متحدہ کرنے کی صلاحیت ہے۔







