انخلا کے احکامات کے بعد بیروت میں اسرائیلی فوج کی بمباری، چھ افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ایک اور مرکزی مضافاتی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملے کی مزید اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ انھوں نے شہر کے بشورہ علاقے میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں یہ اس وقت ہوا جب اسرائیلی فوج نے ایک بیان جاری کر کے وہاں ایک عمارت کو خالی کرنے کی ہدایت دی تھی۔
اسرائیل لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے اہداف پر حملے کر رہا ہے، جہاں وزارتِ صحت کے مطابق کم از کم چھ افراد ہلاک اور 24 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اعداد و شمار ابتدائی ہیں اور متاثرین کی شناخت ’ڈی این اے ٹیسٹنگ کے بعد‘ کی جائے گی۔
مقامی میڈیا نے پہلے رپورٹ کیا تھا کہ ایک حملہ مرکزی علاقے زقاق البلاط میں ایک رہائشی عمارت پر ہوا، جو سرکاری ہیڈکوارٹر اور متعدد سفارت خانوں کے قریب واقع ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اے ایف پی کے مطابق ایک دوسرا حملہ بھی مرکزی بسطہ ضلع میں ہوا، جہاں عینی شاہدین نے کئی دھماکوں کی آوازیں سنیں۔
واضح رہے کہ لبنان چند ہفتے قبل اس تنازع میں اس وقت شامل ہوا جب حزب اللہ، جو ایک لبنانی شیعہ مسلم سیاسی و عسکری گروہ ہے، نے ایران کے رہبرِ اعلیٰ کی ہلاکت اور اسرائیل کے بار بار حملوں کے ردِعمل میں اسرائیل پر راکٹ اور ڈرون حملے شروع کیے تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images













