’جشن منائیں، ہم اوپر سے دیکھ رہے ہیں: نیتن یاہو کا ایرانی عوام کے لیے ویڈیو پیغام

،تصویر کا ذریعہReuters
اسرائیل کے وزیرِ اعظم نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ فوجی کمانڈروں کے درمیان کھڑے ہو کر ایرانی عوام کے لیے پیغام دے رہے ہیں۔
بنیامین نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ’میں یہاں اسرائیل کے وزیرِ دفاع، ہمارے چیف آف سٹاف، موساد کے سربراہ، فضائیہ کے سربراہ اور ہمارے سینیئر کمانڈروں کے ساتھ موجود ہوں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہم نے اس جابرانہ حکومت کے دو بڑے دہشت گرد سرغنوں کو ختم کر دیا ہے۔‘
واضح رہے کہ اب ایران نے سکیورٹی چیف علی لاریجانی اور بسیج ملیشیا کے سربراہ غلام رضا سلیمانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، جس کا اعلان اسرائیل نے پہلے ہی کر دیا تھا۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ’ہمارے طیارے دہشت گرد عناصر کو میدانوں میں، چوراہوں پر اور شہر کے مرکزی مقامات پر نشانہ بنا رہے ہیں۔‘
اس کے بعد وہ جمعے کو آنے والے ایرانی نئے سال نوروز کے حوالے سے پیغام دیا کہ ’یہ سب اس لیے ہے کہ ایران کے بہادر لوگ جشنِ آتش (چہارشنبہ سوری) منا سکیں۔ تو جشن منائیں اور نوروز مبارک۔ ہم اوپر سے دیکھ رہے ہیں۔‘












