میکسیکو سٹی میں ہسپتال کے باہر دھماکےمیں7 افراد ہلاک

دھماکے کے بعد درجنوں لوگ زیر علاج ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشندھماکے کے بعد درجنوں لوگ زیر علاج ہیں

حکام کا کہنا ہے کہ میکسیکو سٹی کے ایک میٹرنٹی ہسپتال کے باہر گیس سے بھرا ہوا ایک ٹرک دھماکے سے پھٹا ہے جس میں تین نومولود بچوں سمیت کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

شہر کے میئر کے مطابق کئی متاثرین اڑتے ہوئے شیشےلگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ میٹرنٹی ہسپتال کا ایک حصہ دھماکے کی شدت سے تباہ ہوگیا ہے۔

ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ کچھ متاثرین اب بھی ملبے کے تلے دبے بھی ہو سکتے ہیں۔

دھماکہ میکسیکو سٹی کے مغربی کنارے پر پیش آیا تھا۔

ایمرجنسی عملہ جائے وقوعہ پر ملبے تلے دفن متاثرین کو تلاش کر رہے ہیں۔

میکسیکو سٹی کے میئر میگیل اینجیل مانسیرہ نے ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل کو بتایا کہ کم اذ کم 54 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 22 بچے ہیں۔

خبر رساں اداراے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق میئر نے مزید کہا کہ دھماکہ ممکنہ طور پر گیس کی ایک نالی میں لیک ہونے کی وجہ سے پیش آیا جب ٹرک ہسپتال پہنچ گیا تھا۔