نیویارک: نامعلوم شخص کی گولی لگنے سے پولیس اہلکار شدید زخمی

امریکہ کے شہر نیویارک میں سفید کپڑوں میں ملبوس ایک پولیس اہلکار کے سر میں گولی ماری گئی ہے جس کے بعد اہکار کی حالت نازک ہے۔
25 سالہ برائن مور کو سنیچر کی شام اس وقت گولی ماری گئی جب وہ شہر کے کوئینز کے علاقے ایک مشتبہ شخص سے سوال و جواب کے لیے رکے۔
نیویارک کے ’جمیکا ہسپتال‘ کے مطابق گولی لگنے کے چار گھنٹے بعد پولیس افسر کا آپریشن کیا گیا اور وہ ابھی تک انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے بتایا ہے کہ گولی مارنے والے مشتبہ شخص کا نام ڈمریٹئس بلیکوال ہے اور اسے واقعے کے ایک گھنٹے بعد گرفتار کر کیا گیا تھا۔
نیویارک پولیس کے کمشنر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ برائن مور اپنے ساتھی افسر ایرک جانسن کے ہمراہ نمبر پلیٹ کے بغیر والی ایک پولیس کار میں گشت پر تھے کہ انھوں نے ایک شخص کو دیکھا جو بظاہر اپنی بیلٹ کو درست کر رہا تھا۔
افسران کو شک گزرا کہ یہ شخص کوئی اسلحہ اٹھائے ہوئے ہے۔
اس سے پہلے کہ افسران اس شخص سے پوچھ گچھ کرتے، اس نے فوراً اپنی بیلٹ کے ساتھ لگی ہوئی پستول نکالی اور افسران کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔ ایک گولی برائن مور کے سر میں آ لگی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نیویارک کے میئر بِل ڈی بلاسیو نے صحافیوں کو بتایا کہ ’اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر ان خطرات کی جانب اشارہ کیا ہے جن کا سامنا ہمارے پولیس اہلکاروں کو ہر روز کرنا پڑتا ہے۔‘
مئیر کا کہنا تھا کہ برائن مور کا تعلق ایک پولیس گھرانے سے ہے اور انھوں نے محمکے میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مشتبہ شخص (مسٹر بلیکوال) قتل کی کوشش کے جرم میں سات سال قید کاٹنے کے بعد حال ہی میں ضمانت پر رہا ہوا تھا۔
یاد رہے کہ سنیچر کی شام کا یہ واقعہ نیویارک میں گذشتہ پانچ ماہ میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا پانچواں وقع ہے۔
دسمبر میں نیویارک شہر میں ایک شخص نے دو پولیس اہلکاروں کو ان کی کار میں گولیاں ماری تھیں اور پھر اس نے خود کشی کر لی تھی۔ اُس واقعے میں ملوث شخص نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پولیس کے خلاف پیغامات بھیجے تھے، تاہم ابھی تک ایسے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں کہ حالیہ واقعے کا اس شخص سے کوئی تعلق ہے۔
پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب لوگ امریکہ میں پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
جمعے کو ہی پولیس کی حراست میں ایک نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کے بعد بالٹیمور کی ایک عدالت میں میں چھ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمے کا آغاز ہوا ہے۔







