وزیرِ اعظم سات سیکنڈ میں بیئر پی گئے

،تصویر کا ذریعہAustralian womens weekly
شاید کچھ لوگ کہیں گے کہ ایسا رویہ ایک وزیرِ اعظم کے شایانِ شان نہیں ہے لیکن بعض لوگوں نے اسے پسند بھی کیا ہے۔
ہوا یہ کہ ایک وڈیو سامنے آئی ہے جس میں آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم ٹونی ایبٹ کو بیئر کا ایک بڑا گلاس غٹا غٹ پیتے ہوئے دکھایا گیا اور انھوں نے بیئر کا بڑا گلاس سات سیکنڈ میں ختم کر دیا۔
وزیراعظم ٹونی ایبٹ کے سیاسی ہیرو ونسٹن چرچل تھے، جو دوسری جنگِ عظیم کے زمانے میں برطانیہ کے وزیرِ اعظم تھے لیکن کھبی بیئر کا گلاس پیتے ہوئے چرچل کی کوئی ویڈیو منظرِ عام پر نہیں آئی تھی۔
تاہم آسٹریلیا کی سیاست میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے اور وزیرِ اعظم ٹونی ایبٹ کے لیے تو یہ ہرگز غیر معمولی بات نہیں۔
گذشتہ روز آسٹریلوی وزیرِ اعظم مقامی فٹبال کلب کی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ سڈنی کے ایک بار میں گئے۔
فٹبال ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں نے وہاں یہ آواز لگائی کہ لُطف تو جب ہے کہ وزیرِ اعظم بیئر کا بڑا گلاس ایک ہی سانس میں ختم کریں اور ٹونی ایبٹ نے ان کی بات مانتے ہوئے ٹھیک اسی طرح کیا۔
انھوں نے بیئر کا گلاس ہونٹوں سے لگایا اور پینا شروع کردیا اور سات سیکنڈ سے بھی کم دورانیے میں ان کا گلاس ختم ہوگیا۔
فٹبال ٹیم کے ایک کوچ سائمن کیروڈس نے مقامی جریدہ کو بتایا کہ ’ٹونی ایبٹ نے بیئر پینے کا لمبا گلاس ہاتھ میں پکڑا اور پورے کا پورا گلاس غٹا غٹ پی گئے۔ بیئر کے کچھ قطرے ان کی شرٹ پر بھی گر گئے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیراغظم مسٹر ایبٹ کے ایک پیشرو باب ہاک نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے بیئر کے ڈھائی پائنٹ صرف 11 سیکنڈ میں پی کر عالمی ریکارڈ توڑا ہے۔ سنہ 2012 میں باب کی عمر 82 سال تھی تو انھیں ایک کرکٹ میچ کے دوران چند سیکنڈ میں بیئر کا ایک بڑا گلاس ختم کرتے ہوئے فلم بند کیا گیا تھا۔

مسٹر ایبٹ نے گزشتہ سال کہا تھا کہ انھیں ’سماجی موقعوں پر ایک آدھ گلاس پینے میں‘ مزا آتا ہے لیکن انھوں نے کثرتِ مے نوشی کے خطرات کے بارے میں خبردار بھی کیا تھا۔
انھوں نے لکھا تھا ’نوشا نوشی کے اس نئے کلچر اور رات کو دو تین جام یا سنیچر کی شام تھوڑی سی زیادہ پی لینے میں زمین آسمان کا فرق ہے۔‘
اس وڈیو کے سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی وزیرِ اعظم پر کچھ تنقید بھی ہوئی ہے۔ ٹوئٹر پر ایک صارف نے کہا ’ایبٹ بیئر تو انڈیل گئے لیکن اب بھی حکومت نہیں چلا سکتے۔‘
بہت سے لوگوں نے ٹونی ایبٹ کو مبارک دی۔
آسٹریلوی وزیرِ اعظم کی سات سیکنڈ میں بیئر کا گلاس ختم کرنے کی ویڈیو کتنی مقبول ہوئی ہے اس بارے میں ابھی تک مکمل معلومات نہیں مل سکیں ہیں۔
یاد رہے کہ ٹونی ایبٹ کی عوام میں مقبولیت کی شرح 32 فیصد ہے۔







