’لاپتہ ایم ایچ 370 کو ڈھونڈ لیا جائے گا‘

،تصویر کا ذریعہReuters
ملائیشیا کے ٹرانسپورٹ کے وزیر کا کہنا ہے کہ وہ پراعتماد ہیں کہ ایک سال پہلے لاپتہ ہونے والا طیارے ایم ایچ 370 کو جنوبی بحر ہند میں تلاش کر لیا جائے گا۔
لیو ٹی اونگ لائی نے بی بی سی کو بتایا کہ طیارے کے ملنے تک اس کی تلاش جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ ملائیشیا کی پرواز ایم ایچ 370 گزشتہ برس آٹھ مارچ کو لاپتہ ہوگئی تھی اس میں 239 افراد سوار تھے۔ یہ جہاز کوالالمپور سے بیجنگ جا رہا تھا۔
تفتیش کار اس ہفتے کے آخر تک اس کی تلاش کے بارے میں ایک رپورٹ شائع کرنے والے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ رپورٹ منظرِعام پر لانے سے پہلے حکومت کو پیش کی جائےگی۔
آسٹریلیا جنوبی بحر ہند میں اس طیارے کی تلاش میں مصروف ایک بین الاقوامی ٹیم کی قیادت کر رہا ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق ملائیشیا کی پولیس ابھی اس بات کی تحقیق کر رہی ہے کہ آیا اس طیارے کی گمشدگی ایک حادثہ تھی یا پھر اس کے پیچھے کوئی اور عوامل تھے تا ہم پولیس نے اب تک ہونے والی تحقیق کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
اس سال کے شروع میں ملائیشیا کی حکومت نے پرواز ایم ایچ 370 کا تمام مسافروں سمیت گم ہو جانے کا اعلان کر دیا تھا تا کہ مسافروں کے اہلِ خانہ کو معاوضہ ادا کیا جا سکے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن ملک کے ٹرانسپورٹ کے وزیر لیو ٹی اونگ لائی نے وعدہ کیا ہے کہ طیارے کے ملنے تک اس کی تلاش کا عمل نہیں روکا جائے گا۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئےانھوں نے کہا ہے کہ ’ہم پر اعتماد ہیں کہ اس سال مئی تک تلاش کا عمل مکمل ہو جائے گا اور ہمیں امید ہے کہ طیارہ مل جائے گا۔‘







