فرانس: پولیس سٹیشن پر حملہ کرنے والا شحض ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP

فرانسیسی میڈیا کے مطابق فرانس کے شہر ٹور میں ایک شخص کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب اس نے پولیس پر چاقو سے حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق اس شخص نے ٹور کے پولیس سٹیشن میں ’نعرہ تکبیر‘ بلند کیا اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق حملہ آور افریقی ملک برنڈی میں پیدا ہوا لیکن فرانسیسی شہری تھا۔ اس شخص کے بارے میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ پہلے بھی مختلف جرائم میں سزا کاٹ چکا ہے۔

میڈیا کے مطابق انسداد دہشت گردی یونٹ کا عملہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ 2012 میں فرانسیسی مسلمان محمد مرع نے تولوز میں سات افراد کو ہلاک کیا تھا۔

پولیس نے اس کے فلیٹ کا محاصرہ کیا تھا اور 32 گھنٹے کے محاصرے کے بعد پولیس نے اس کو مار دیا تھا۔