امریکی فوج کو ہوائی اڈے دینے کی تردید

،تصویر کا ذریعہAFP
ترکی کے حکام نے ان خبروں کی تردید کی ہے انھوں نے شام میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر بمباری کرنے کے لیے امریکی فوج کو ترکی کے فضائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے کے بارے میں امریکہ کے ساتھ کوئی معاہدہ کیا ہے۔
غزہ میں بی بی سی کے نامہ نگار مارک لیواون کے مطابق ترکی کے وزیر اعظم کے دفتر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکی اینجرلیک کے قریب واقع ہوائی اڈہ یا کوئی دوسرا فوجی اڈہ امریکہ کو دولت اسلامیہ پر بمباری کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا ۔
ایک دن قبل امریکی صدر کی قومی سلامتی کی مشیر سوسن رائس نے ایک امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے ساتھ انٹرویو میں کہا تھا کہ ترکی نے ادرنہ کے ہوائی اڈے کو جو کہ اینجرلیک کے قصبے کے قریب واقع ہے اسے شام اور عراق میں بمباری کرنے کے لیے امریکی فوج کو دینے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ترکی کی حکومت نے امریکی حکام کی طرف سے جاری ہونے والے ان بیانات کی سختی سے تردید کی ہے کہ وہ امریکی فوج کو جنوبی ترکی میں واقع اینجرلیک کا اہم فضائی اڈہ دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر بمباری کرنے کے لیے دینے پر تیار ہے۔
اے ایف پی کا کہنا ہے کہ ترکی کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ شامی باغیوں کو تربیت دینے کے لیے تیار ہے۔
انقرہ ان دنوں مغربی ممالک کی طرف سے شدید دباؤ میں ہے کہ وہ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے خلاف امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی طرف سے کی جانے والی مشترکہ کارروائیوں میں زیادہ سے زیادہ مدد کرے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
کوبانی کا قصبہ جہاں کرد جنگجو دولت اسلامیہ کے خلاف برسرپیکار ہیں وہ ترکی کی سرحد سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
انقرہ میں کابینہ کے ایک اہم اجلاس کے بعد ترکی کے نائب وزیر اعظم اخبار نے نویسوں کو بتایا کہ وہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ اس معاملے پر مذاکرات کر رہے ہیں لیکن فضائی اڈے کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکی فوج یہ فضائی اڈہ امدادی اور رسد کے لیے استعمال کرتی ہے لیکن فضائی حملے کرنے کے لیے اسے ترکی کی حکومت سے علیحدہ سے اجازت لینے کی ضرورت ہے۔
اے ایف پی نے نام نہ ظاہر کرتے ہوئے ایک ترک وزیر کے حوالے سے کہا ہے کہ اینجرلیک کے قریب فضائی اڈے کے بارے میں امریکی فوج سے کوئی نیا معاہدہ نہیں ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مذاکرات جاری ہیں اور ترکی نے اپنی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
اتوار کو امریکہ کے اعلی دفاعی اہلکار نے کہا تھا کہ ترکی نے امریکی فوج کو اپنے ہوائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔







