کوبانی میں اب بھی 700 افراد پھنسے ہوئے ہیں: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی دی مسٹورا کا کہنا ہے کہ صرف ایک پتلی سی گزرگاہ کے علاوہ کوبانی حقیقتاً دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے محاصرے میں ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی دی مسٹورا کا کہنا ہے کہ صرف ایک پتلی سی گزرگاہ کے علاوہ کوبانی حقیقتاً دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے محاصرے میں ہے

شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصي ایلچی نے متنبہ کیا ہے کہ شامی سرحدی شہر کوبانی میں ابھی بھی 700 افراد پھنسے ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر معمر افراد ہیں۔

خصوصی ایلچی سٹیفان مسٹورا نے ترکی پر زور دیا ہے کہ وہ رضاکاروں کو شام جانے کی اجازت دے تاکہ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں سے شہر کا دفاع کیا جا سکے۔

اطلاعات کے مطابق دولت اسلامیہ نے شہر میں کرد ہیڈکوارٹر پر قبضہ کر لیا ہے، تاہم شام میں ایک کرد اہلکار نے اس کی تردید کی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ تین ہفتوں سے کوبانی دولت اسلامیہ اور کرد باشندوں کے بیچ جنگ کا اہم محاذ بنا ہوا ہے اور جاری جنگ کی وجہ سے لاکھوں شامی باشندے جن میں اکثریت کردوں کی ہے وہ وہاں سے پڑوسی ملک ترکی بھاگنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

ترکی نے ابھی تک اپنی سرزمین سے دولت اسلامیہ کے خلاف کسی زمینی کارروائی کو خارج از امکان رکھا ہے۔

امریکی حمایت یافتہ کرد افواج کا کہنا ہے کہ انھیں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کو پیچھے ہٹانے کے لیے مزید اسلحے اور گولہ بارود کی فوری ضرورت ہے۔

ترکی کی برسراقتدار پارٹی کے نائب چیئرمین کا کہنا ہے کہ کوبانی میں دو دہشت گرد گروہوں کے درمیان جنگ جاری ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنترکی کی برسراقتدار پارٹی کے نائب چیئرمین کا کہنا ہے کہ کوبانی میں دو دہشت گرد گروہوں کے درمیان جنگ جاری ہے

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی طیاروں کے ساتھ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے گذشتہ جمعرات اور جمعے کو کوبانی کے جنوب مشرق اور مشرقی شام کے دیر الزور میں تازہ حملے کیے ہیں۔

کوبانی سے کرد ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ نصف گھنٹے کے درمیان چار فضائی حملے میں شہر کے مغربی علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دی مسٹورا کا کہنا ہے کہ صرف ایک پتلی سی گزرگاہ کے علاوہ کوبانی ’حقیقتاً‘ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے ’محاصرے‘ میں ہے اور سینکڑوں معمر شہری وہاں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ ابھی بھی دس سے 13 ہزار افراد اس کے قرب و جوار میں جمع ہیں۔

انھوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر شہر دولت اسلامیہ کے قبضے میں آ جاتا ہے تو ’عین ممکن ہے کہ ان لوگوں کو قتل کر دیا جائے۔‘

امریکہ نے کہا ہے کہ جمعرات اور جمعے کو کوبانی شہر پر چار فضائی حملے کیے گئے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنامریکہ نے کہا ہے کہ جمعرات اور جمعے کو کوبانی شہر پر چار فضائی حملے کیے گئے

انھوں نے خبردار کیا ہے کہ اقوام متحدہ دوسرا سریبرینیکا نہیں دیکھنا چاہتا جہاں ہزاروں مسلمان مرد اور لڑکوں کو بوسنیا کی سربیائی افواج نے بوسنیائی جنگ کے دوران سنہ 1995 میں قتل کر دیا تھا۔

جمعے کو جنیوا میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’ہم ترکی کے حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کم از کم رضاکاروں کو وہاں جانے اور وہاں جاری دفاعی آپریشن کو سازوسامان فراہم کرنے کی اجازت دیں۔‘

انھوں نے ترکی سے امریکی قیادت والے اتحاد سے تعاون کرنے کی بات بھی کہی تاکہ کوبانی میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔

کردوں کا کہنا ہے کہ انھیں فوری طور پر اسلحے اور گولہ بارود کی سخت ضرورت ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنکردوں کا کہنا ہے کہ انھیں فوری طور پر اسلحے اور گولہ بارود کی سخت ضرورت ہے

لیکن ترکی کی برسراقتدار جماعت اے کے پارٹی کے نائب چیئرمین یاسین اختے نے جمعے کو بی بی سی کو بتایا کہ کوبانی کے تمام شہریوں نے شہر چھوڑ دیا ہے اور وہ پہلے سے ہیں ترکی میں ہیں۔

انھوں نے کہا: ’کوبانی میں کوئی سانحہ نہیں ہونے والا ہے جیسا کہ پی کے کے (کردستان ورکرز پارٹی) کے دہشت گرد چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں۔ وہاں دو دہشت گرد گروہوں کے درمیان جنگ جاری ہے۔‘

ترکی عسکری طور پر اس تنازعے میں شامل نہیں ہونا چاہتا کیونکہ اسے کردوں کو مسلح کرنے کے ضمن میں خدشات ہیں۔ ترکی کو پہلے ہی کرد اقلیت سے طویل خانہ جنگی کا تجربہ ہے۔