کرائمیا:بحری اڈے پر روس کے حامیوں کا قبضہ

،تصویر کا ذریعہReuters
روس کے حامی کارکنوں نے کرائمیا کے شہر سواسٹوپل میں واقع یوکرین کے بحری اڈے پر قبضہ کر لیا ہے۔
کئی یوکرینی اہل کار اس اڈے کو چھوڑ گئے ہیں اور اس پر اب روسی جھنڈا لہرا رہا ہے اور اطلاعات ہیں کہ یوکرین کی بحریہ کے سربراہ سرہئی ہیدک کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یہ سب روسی صدر ولادی میر پوتن اور کرائمیا کے رہنماؤں کے جزیرہ نما کرائمیا کو روس کا حصہ بنانے کے مسودۂ قانون پر دستخط کرنے کے ایک دن بعد ہو رہا ہے۔
یوکرین کی بحریہ کے ترجمان سرگئی بگدانیو کا کہنا ہے کہ اہل کاروں نے اڈے کی عمارتوں میں اپنے آپ کو بند کر لیا ہے تاہم انھوں نے کہا کہ ’ہم طاقت کا استعمال نہیں کر رہے اور نہ کرنا چاہتے ہیں۔‘
اس کارروائی کے بعد یوکرین کے حکام کو اس اڈے سے اپنے سازوسامان کے ساتھ نکلتے ہوئے دیکھا گیا اور اڈے پر روسی جھنڈے لہرا رہے تھے۔
اس کے بعد اطلاعات منظر عام پر آئیں کہ سرہئی ہیدک کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور انھیں روسی سکیورٹی فورسز ایف ایس بی کے اہل کار لے گئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
روسی افواج کے ایک نمائندے اگور یسکِن نے کہا کہ ’انھیں روکا گیا اور ان کے پاس جانے کے لیے کوئی جگہ نہیں تھی اور انھیں نکلنے پر مجبور کیا گیا اور پھر انھیں لے جایا گیا۔‘
یوکرین کی وزارتِ دفاع نے اسی نوعیت کے واقعے کی اطلاع دی جو مغربی کرائمیا میں ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزارتِ دفاع کے ترجمان ولادیسلیو سیلیزنیو نے فیس بک پر کہا کہ ایک ٹریکٹر نے عمارت کے دروزاے کو توڑا اور اس میں داخلے کے راستے کو بند کر دیا ہے۔
اتوار کو کرائمیا کے ووٹروں نے ایک متنازعہ ریفرینڈم میں یوکرین سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا۔
یورپی یونین اور امریکہ نے اس ریفرنڈم کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ یورپی یونین نے روس، کرائمیا اور یوکرین کے سرکاری اہل کاروں اور دیگر افراد پر سفری پابندیاں عائد کی ہیں جبکہ ان کے اثاثے بھی منجمد کیے گئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
برسلز اور وائٹ ہاؤس میں حکام نے کہا ہے کہ ان پابندیوں کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا جبکہ ماسکو نے دھمکی دی ہے کہ ’یہ ناقابلِ قبول ہے اور نتائج کے بغیر نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ یوکرین کا کرائمیا علاقہ فروری کے اواخر سے روسی حامی فوجیوں کے قبضے میں ہے۔ ماسکو کا موقف ہے کہ یہ روس حامی فوجی ’سیلف ڈیفنس فورس ہیں اور روس کے براہ راست کنٹرول میں نہیں ہیں۔‘
اس بحران کا آغاز گزشتہ سال نومبر میں ہوا جب روس کے حمایت یافتہ صدر وکٹر ینوکووچ نے یورپی یونین کے ساتھ اشتراک کے معاہدے کو مسترد کر کے ماسکو کے ساتھ بہتر تعلقات کو بڑھانا شروع کیا۔
وکٹر ینوکوچ 22 فروری کو شدید مظاہروں کے نتیجے میں ملک سے فرار ہو گئے۔
کرائمیا کو 1954 میں سوویت یونین نے یوکرین کے حوالے اور اس کی آبادی روسی نسل کے لوگ ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
روس کے حامی افواج نے گزشتہ فروری میں اس جزیرہ نما پر قبضہ کر لیا تھا اور اس کی عمارتوں جن میں پارلیمنٹ بھی شامل ہے کو قبضے میں لے لیا تھا۔
وزیراعظم کو 27 فروری کو ہٹا کر ایک روس کے حامی وزیراعظم سرگئی ایسکونو کو وزیراعظم بنا دیا گیا تھا جن کا تعلق ایک چھوٹی سیاسی جماعت رشین یونیٹی پارٹی سے ہے جنہوں نے بعد میں ریفرنڈم کا اعلان کیا۔
روسی صدر نے روسی پارلیمان کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بڑے جذباتی انداز میں کہا تھا کہ ’لوگوں کے دلوں کی گہرائی میں كرائميا ہمیشہ روس کا حصہ رہا ہے۔‘ اور یہ ’تاریخی ناانصافی‘ کو درست کیے جانے کے مترادف ہے۔







