حزبِ اختلاف اشتعال پیدا کر رہی ہے: یوکرائن کے صدر

حکومت مخالف مظاہرین صدر سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنحکومت مخالف مظاہرین صدر سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں

یوکرائن کے صدر وکٹر یانوکووچ کا اصرار ہے کہ وہ اور ان کی حکومت ملک میں جاری بحران پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں لیکن مخالفین اشتعال پیدا کر رہے ہیں۔

کیو اور ملک کے دیگر شہروں کئی ہفتوں سے جاری پرتشدد حکومت مخالف احتجاج کے بعد صدر کی طرف سے یہ بیان یوکرانی زبان میں صدارتی ویب سائٹ پر سامنے آیا۔

انھوں نے کہا کہ’ہم نے وہ تمام ذمہ داریاں پوری کیں ہیں۔۔تاہم حزبِ اختلاف اشتعال انگیزی پھیلا رہی ہے اور چند رہنماووں کے سیاسی عزائم کی خاطر وہ لوگوں کو ٹھنڈ میں کھڑا ہونے کہہ رہی ہے۔ میرے خیال میں یہ غلط ہے۔‘

حکومت مخالف مظاہرین صدر سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔مظاہرین نے سرکاری عمارتوں پر قبضہ جما لیا ہے اور وہ سخت سردی میں رکاوٹوں پر پیرا دے رہے ہیں۔

یوکرائن کے صدر نے مزید کہا کہ حزبِ اختلاف’ بغیر سوچے غیر ذمہ دارانہ‘ اعلانات کر رہی ہے اور وہ عوام کی زندگی اور صحت سے زیادہ اپنے سیاسی ریٹنگ کا سوچ رہی ہے۔‘

انھوں نے مصالحاتی رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ’میں اس بات کا خیال کرتے ہوئے کہ حکومت غلطیاں کرتی ہیں، لوگوں کے مطالبات اور عزائم کو سمجھنے کا مظاہرہ کروں گا۔۔۔میرے خیال میں ہم مل کر یوکرائن اور اس کے عوام کی زندگی کو معمول پر لا سکتے ہیں۔‘

اس صدارتی بیان کے بعد یہ اعلان بھی کیا گیا کہ 63 یانوکووچ بیماری کی وجہ سے رخصت پر ہیں۔ صدارتی ویب سائٹ پر کیا گیا تھا کہ وہ سانس کے عارضے میں مبتلا ہیں اور انھیں سخت بخار ہے۔

خِیال رہے کہ حکومت مخالف مظاہرے گذشتہ سال نومبر میں اس وقت شروع ہوئے جب صدر یانوکووچ نے یورپی یونین کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے روس کے ساتھ تجارتی معاہدے کو ترجیح دی۔

گذشتہ ہفتے صدر ملک کے وزیرِ اعظم اور ان کے کابینہ کے استعفے منظور کیے تھے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنگذشتہ ہفتے صدر ملک کے وزیرِ اعظم اور ان کے کابینہ کے استعفے منظور کیے تھے

صدر وکٹر یانوکووچ نے اس وقت کہا تھا کہ انھوں نے یورپی یونین کے ساتھ شراکت کے ایک معاہدے کو مسترد کر دیا ہے جس کے تحت یورپی یونین ممالک کے سامان کے لیے یوکرائن کی سرحدیں کھولی جاتیں اور لوگوں کی آمدو رفت میں آسانیاں پیدا ہوتیں۔

انھوں نے کہا کہ تھا وہ اس معاہدے کے لیے روس کے ساتھ اپنی تجارت کی قربانی پیش نہیں کر سکتے کیونکہ روس اس معاہدے کا مخالف ہے۔

گذشتہ ہفتے صدر ملک کے وزیرِ اعظم اور ان کے کابینہ کے استعفے منظور کیے تھے جبکہ سینیئر عہدوں کی حزبِ اختلاف کو پیشکش کی گئی تھی جو انھوں نے مسترد کر دی تھی۔

ملک کی پارلیمان نے مظاہروں پر پابندی کے قانون کو ختم کرتے ہوئے، سرکاری عمارتوں کو خالی کرنے کی شرط پر زیرِ حراست مظاہرین کے لیے معافی کا قانون بھی پاس کیا تھا۔