ہمارا معاہدہ طے پا گیا ہے: جواد ظریف

ایران اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام پر سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔
تاحال اس معاہدے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں جو کہ سوئس شہر جنیوا میں پانچ روزہ بات چیت کے نتیجے میں طے پایا ہے۔
معاہدے کی تصدیق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کے ذریعے کی جب انہوں نے لکھا ’ہمارے درمیان معاہدہ ہو گیا ہے۔‘
اس کے علاوہ فرانسیسی وزیرِ خارجہ لورینٹ فیبیئس نے بھی سمجھوتہ طے پانے کی تصدیق کی ہے۔
مذاکرات کی قیادت کرنے والی یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کے ترجمان نے بھی ان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،’ای 3 +3 اور ایران کے درمیان معاہدہ ہو چکا ہے۔‘
سنیچر کی شام ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ مسودے پر 98 فیصد پر اتفاق رائے ہو چکا ہے لیکن تہران کسی بھی معاہدے میں اپنے افزودگی کے حق کا ذکر چاہتا ہے۔
جنیوا میں موجود ایران کے لیے بی بی سی کے نامہ نگار جیمز رینلڈز کا کہنا ہے کہ یہ ایک دہائی میں عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان طے پانے والا سب سے اہم سمجھوتہ ہو سکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ عالمی طاقتیں اگلے چھ ماہ کا عبوری معاہدہ تیار کرنا چاہتی ہیں تاکہ تمام فریق کو جامع معاہدے پر مذاکرات کو وقت مل جائے گا۔ تاہم ایران کا اصرار تھا کہ عبوری معاہدے سے قبل اسے جامع معاہدے کے اہم نکات سے آگاہ کیا جائے۔
عالمی طاقتیں چاہتی ہیں کہ ایران پابندیوں کے خاتمے کے بدلے یورینیم کی افزودگی ترک کرنے پر رضامند ہو جائے تاہم ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کہہ چکے ہیں کہ یورینیئم کی افزودگی ایران کا حق ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اس معاملے پر چار روز سے نچلی سطح پر بات چیت جاری تھی اور ایرانی اور روسی وزرائے خارجہ پہلے ہی جنیوا میں موجود تھے۔
سنیچر کو مذاکرات کے اہم دور میں شرکت کے لیے امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری کے علاوہ برطانیہ، چین، جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ بھی سوئٹزرلینڈ پہنچے تھے۔
امریکہ پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ اگر عبوری معاہدہ ہوگیا تو ایران کے جوہری پروگرام پر اقوامِ عالم اور واشنگٹن کی جانب سے عائد بہت سی پابندیاں بدستور قائم رہیں گی اور اگر ایران جوہری پروگرام پر کوئی پیش رفت نہیں کرتا اور اپنے ایٹمی پروگرام کے ’زیادہ بھرپور معائنے‘ پر اتفاق کرتا ہے تو اس پر عائد عالمی پابندیوں میں کچھ کمی ہو سکتی ہے۔
جنیوا میں ایرانی جوہری پروگرام پر بات چیت رواں ماہ کے اوائل میں ہونے والی ایسی ہی بات چیت کا دوسرا دور تھا۔ پہلے دور میں بھی چھ عالمی طاقتوں کے وزرائے خارجہ بات چیت کے لیے جنیوا پہنچے تھے تاہم معاہدے پر اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا تھا۔







