قندہار: خودکش حملے میں پانچ افراد ہلاک

افغانستان کے مشرقی شہر قندہار میں ایک بینک کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے میں پانچ افراد ہلاک اور تقریباً بیس زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ سنیچر کی صبح اس وقت ہوا جب لوگ سکیورٹی چیک پوسٹ کو پار کرکے کابل بینک میں داخل ہو رہے تھے۔ زیادہ تر لوگ بینک سے اپنی تنخوا نکالنے کے لیے وہاں گئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پولیس اور سولین شامل ہیں۔
ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
افغانستان شدت پسندوں کی طرف سے خودکش حملوں اور بم دھماکوں کی زدہ میں ہے۔
جمعے کو افغان حکام کے مطابق صوبہ قندوز میں نمازِ جنازہ کے دوران ایک خودکش حملے میں ضلعی گورنر سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اسی طرح جمعرات کو ملک کے مغربی صوبے فرا میں پولیس کے ایک گشتی پارٹی پر حملے میں پندرہ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار کارن ایلن کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کی طرف سے کارروائیوں کا مقصد افغان پولیس اور آرمی کے اعتماد کو ٹھیس پہنجانا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کا انخلا منصوبے کے مطابق آئندہ سال سے شروع ہونا ہے اور اس کے بعد ملک کی سکیورٹی کی ذمے داریاں افغان سکیورٹی فورسز کے پاس چلی جائیں گی۔
ماہرین افغانستان کی طرف سے امن و امان کی صورتِ حال کو برقرار رکھنے کو بڑا چیلنج قرار دے رہے ہیں







