یمن: فضائیہ کی بس پر بم حملہ، ایک ہلاک

دھماکے کے وقت بم میں افسروں اور سپاہیوں سمیت 24 افراد سوار تھے
،تصویر کا کیپشندھماکے کے وقت بم میں افسروں اور سپاہیوں سمیت 24 افراد سوار تھے

یمن میں حکام کے مطابق دارالحکومت صنعا میں فضائیہ کے ملازمین کو لانے والی ایک بس میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ایک سرکاری اہلکار کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب بس فضائیہ کے ملازمین کو صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ان کے بیس میں چھوڑنے جا رہی تھی۔

خیال رہے کہ یمنی حکومت ملک میں موجود القاعدہ کے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرتی رہتی ہے جو اکثر فوج کو نشانہ بناتے ہیں۔

یمن کی فضائیہ کے ایک اہلکار نے خبر رساں ایجنسی رائیٹرز کو بتایا کہ بم بس کے اندر رکھا گیا تھا۔

یمن کی فضائیہ کے ترجمان کرنل مہدی نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ دھماکے کے وقت بم میں افسروں اور سپاہیوں سمیت 24 افراد سوار تھے۔

اس سے پہلے رواں ماہ کے شروع میں القاعدہ کے مشتبہ شدت پسندوں نے ملک کے جنوب میں ایک گیس ٹرمینل میں پانچ سپاہیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

امریکہ نے اگست میں مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ میں دہشت گرد حملے کی دھمکی کے بعد اپنے 19 سفارت خانوں کو بند کر دیا تھا۔