اسرائیلی فضائیہ کا لبنان پر حملہ

اسرائیل کی دفاعی افواج کے ایک ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوب میں ایک ٹارگٹ کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل کے فوجی ذرائع نے خبر رساں ایجنسی رائیٹرز کو بتایا جمعے کی صبح کیے جانے والے فضائی حملے میں بیروت اور سِڈن کے درمیان ایک دہشت گردی کی جگہ کو نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ یہ حملہ لبنان کی جانب سے اسرائیل پر داغے جانے والے راکٹ حملے کے ایک روز بعد کیا گیا ہے۔
اسرائیل پر جمعرات کو لبنان کے جنوب سے چار راکٹ داغے گئے تھے جو لبنانی تنظیم حزب اللہ کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔
اسرائیل کے ساحلی قصبے ’نامعے‘ پر ہونے والے اس حملے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسرائیل کے ایک فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ آئرن ڈوم ڈیفنس سسٹم نے چار میں سے ایک راکٹ کو راستے میں ہی روک لیا۔
خیال رہے کہ سنہ 2006 میں اسرائیل اور حزب اللہ تنازع کے بعد سے اسرائیل پر مسلح گروہ راکٹ حملے کرتے رہتے ہیں تاہم اسرائیل کی فوج کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ انھیں اس بات پر یقین نہیں ہے اس حملے میں حزب اللہ ملوث ہے۔
لبنان کے خبر رساں اداروں کے مطابق ملک کے جنوبی حصے سے اسرائیل پر چار راکٹ داغے گئے۔







