غزہ پر اسرائیل کاحملہ، ایک فلسطینی ہلاک

اسرائیل کی فضائیہ نے فلسطین کے علاقے غزہ پر حملہ کر کے ایک عسکریت پسند کو ہلاک کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 29 سالہ مشعل موٹر سائیکل پر کہیں جا رہے تھے جب انھیں نشانہ بنایا گيا۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ مشعل دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے اور حال ہی میں اسرائیلی شہر ایلات پر جو راکٹ داغا گيا تھا اس میں بھی وہ ملوث تھے۔
اسرائيل وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشعل ہتھیار بنانے کے ماہر تھے اور کئی شدت پسند گروپوں کے لیے راکٹ بنانے کا کام کرتے تھے۔
بیان میں کہا گيا ہے کہ وہ اسرائیل کی عوام اور فوج کے خلاف وسیع دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
دوسری جانب غزہ میں حکمراں تنظیم حماس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کیا جانے والا فضائی حملہ اور مشعل کی ہلاکت جنگ بندی کی شدید خلاف ورزی ہے۔
گزشتہ سال نومبر میں اسرائیل اور شدت پسندوں کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کی جانے والی یہ پہلی کارروائی ہے۔
حالیہ دنوں میں اسرائیل اور غزہ کے درمیان سرحد پر تشدد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
غزہ کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ داغے گئے ہیں اور جواب میں اسرائیل نے غزہ پر بمباری کی ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
دو ہفتے قبل مصر کے علاقے سینائی سے بھی عسکریت پسندوں نے اسرائيل پر دو راکٹ داغے تھے جو اسرائیل میں سیاحت کے لیے معروف جگہ پر گرے تھے۔







