شام میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان گی مون نے کہا ہے کہ شام کے تنازعے میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے تازہ ترین اندازوں کے مطابق صرف گذشتہ ماہ شام میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار سے زائد ہے۔
بان گی مون نے یہ بات جمعرات کو نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں کہی جہاں امریکی وزیِر خارجہ جان کیری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے شام کے مسئلے کا سیاسی حل جلد تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
بان گی مون نے شام کے مسئلے کے حل کے لیے امن کانفرنس منعقد کرنے کی اپیل بھی کی۔
اس سے پہلے اقوامِ متحدہ کا کہنا تھا کہ شام میں ہلاکتوں کی صحیح تعداد اصل سے کم اندازوں پر مشتمل ہے کیونکہ شام میں متعدد ہلاکتوں کی اطلاع نہیں دی جاتی۔
شام میں جاری بحران کے باعث مزید 17 لاکھ شہری ہمسایہ ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی جانب سے یہ اعلان شام کے دارالحکومت دمشق سے موصول ہونے والی ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے جس میں بتایا گیا کہ ایک کار بم حملے میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جرامانا کے مضافات میں پیش آیا جہاں صدر بشارالاسد کے حامیوں کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے۔







