اسرائیل ایئر لائن، حصص بازار پر سائبر حملہ

،تصویر کا ذریعہReuters
اسرائیل کی سرکاری ایئر لائن ای آئی اے آئی اور تیل ابیب سٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹوں پر سائبر حملہ ہوا ہے اور وہ بند کر دی گئی ہیں۔
ایک سعودی کمپیوٹر ہیکر نے ہیک کرنے کی دھمکی دی تھی جس کے تھوڑی دیر بعد ہی دونوں ویب سائٹیں بند ہوگئیں۔
لیکن اس سے ایئر لائن کی پروازیں اور سٹاک مارکیٹ پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا ہے اور وہ معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
پچھلے کچھ دنوں میں اسرائیل کی کئي ویب ساٹیں ہیک کی گئی ہیں جس سے تاجروں کو کافی مشکلات اٹھانی پڑی ہیں۔
یوروشلم میں بی بی سی کے نامہ نگار یولاندے نیل کا کہنا ہے کہ تیل ابیب سٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ مینٹیننس کی غرض سے سائٹ ابھی ڈاؤن ہے۔
لیکن ایک ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک ہیکر نے کہنے کے بعد سائٹ کو اورلوڈ کر لیا ہے۔ تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سے سٹاک ایکسچینج کے کام کاج پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔
جبکہ اسرائیل کی سرکاری ایئر لائن ای آئي اے آئی کی ویب سائٹ پر کہا گيا ہے کہ ایک سعودی ہیکر کی کارگزاری کے سبب آن لائن کام متاثر ہوا ہے تاہم پروازوں کی آمد و رفت متاثر نہیں ہوئی ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اس سے پہلے اطلاعات دی تھیں کہ اپنے آپ کو سعودی بتانے والا ایک ہیکر سائبر حملہ کرنے والا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حالیہ دنوں میں اسرائیلی کمپنیوں پر کئی سائبر حملے ہوئے ہیں۔ ایسے ہی ایک حملے میں ہزاروں اسرائیلی شہریوں کے کریڈٹ کارڈ کا ڈیٹا چرا کر انہیں آن لائن شائع کر دیا گیا تھا۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ متعلقہ بینکوں کو وہ تمام کریڈٹ کارڈز منسوخ کرکے انہیں دوبارہ جاری کرنا پڑیں گے۔
اس کے جواب میں ایک اسرائیلی ہیکر نے بھی سعودی عرب کے بھی بہت سے کریڈٹ کارڈ کا ڈیٹا چوری کرکے شائع کر دیا تھا۔
اسرائیل ٹیکنالوجی میں اپنے پڑوسی ملکوں سے کہیں آگے ہے اور اس کی سائبر سکیورٹی بھی اچھی ہے لیکن ان واقعات کے بعد اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ سائبر سکیورٹی پو مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔







