امریکہ پر برازیل کی تجارتی پابندیاں

برازیل کی حکومت نے امریکہ کی بعض اشیاء پر تجارتی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ برازیل نے یہ فیصلہ امریکہ کی جانب سے کاٹن کے کسانوں کو رعائتیں دینے کے جواب میں کیا ہے۔
عالمی تجارتی تنظیم ( ڈبلیو ٹی او) نے اس پابندی کو تسلیم بھی کر لیا ہے۔
برازیل کی حکومت نے ایسی سو اشیاء کی فہرست تیار کی ہے جن کے متعلق اگر آئندہ تیس دنوں میں دونوں کے درمیان کوئی تصفیہ نہیں ہوتا تو پھر ان کی درآمدات پر ڈیوٹی لگائی جائیگی۔
برازیل کا کہنا ہے کہ اسے اس فیصلہ پر افسوس ہے لیکن اس بارے میں جو بھی ماضی کی کوششیں رہیں اس میں کامیابی نہیں ملی ہے۔ کاٹن کی بنی اشیاء کی درآمد پر اب تقریبا سو فیصد ڈیوٹی لگے گی۔
برازیل کے وزارت خارجہ میں اقتصادی معاملات کے انچارج کارلوس مرکیو کوزینڈی نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا ’اس جوابی کارروائی کا مقصد زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنا ہے۔ امریکہ کی کسانوں کو دی جانے والی رعایت پر دنیا بھر میں نکتہ چینی ہوتی رہی ہے اور اس پر روک لگنی چاہیے۔‘
امریکہ میں محکمہ تجارت نے اس فیصلہ پر مایوسی کا اظہار کیا ہے اور اس پر بات چیت کرنے کو کہا ہے۔
امریکہ میں کسانوں کو دی جانے والی رعایات کے بہت سے مخالف ہیں اور اس پر نکتہ چینی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ امریکہ نے اپنے کسانوں کو اربوں ڈالر کی رعایت دیکر انہیں فائدہ پہنچایا ہے۔
دوہزار آٹھ میں عالمی تجارتی تنظیم نے بھی اپنے ایک اہم فیصلے میں کہا تھا کہ امریکہ میں کسانوں کو دی جا رہی رعائتیں امتیازی نوعیت کی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ تنازعہ دو ہزار دو میں شروع ہوا تھا اور بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ عالمی تجارتی تنظیم نے بھی اس مسئلے پر مخالف پارٹی کے خلاف جوابی کارروائی کی اجازت دے دی تھی۔







