پراگ اگروال: ٹوئٹر کے نئے سی ای او کی سالوں پرانی ٹویٹ پر تنازع کیوں

،تصویر کا ذریعہTwitter
جونہی پراگ اگروال کا نام سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے اگلے سی ای او کے طور پر سامنے آیا تو ساتھ ہی میڈیا پر ان کے بارے میں خبریں چلنا شروع ہو گئیں جس میں زیادہ توجہ ان باتوں پر تھی کہ وہ انڈین نژاد ہیں اور آئی آئی ٹی سے فارغ التحصیل ہیں، وغیرہ۔
تاہم ان کی اپنی ویب سائٹ پر ان کے بارے میں ایک مختلف بیانیہ سامنے آیا۔ پیر کو جیک ڈورسی کے ٹوئٹر کے سی ای او کے عہدے سے دستبردار ہونے کے بعد جیسے ہی پراگ اگروال کے نام کا اعلان کیا گیا، کچھ لوگوں نے ان کے ایک پرانے ٹویٹ کو ڈھونڈ نکالا۔
ٹرولرز نے ان کی تقریباً ایک دہائی پرانی ٹویٹ پیش کی جس میں پراگ نے مسلمانوں، انتہا پسندوں، اور نسل پرستی کے بارے میں بات کی تھی۔
پراگ اگروال کے ٹویٹ کی ایک دہائی بعد مختلف طریقے سے تشریح کی جا رہی ہے لیکن انھوں نے اس ٹویٹ کے حوالے سے اسی زمانے میں وضاحت جاری کر دی تھی۔
آخر ٹویٹ میں کیا ہے؟
پراگ اگروال نے 26 اکتوبر سنہ 2010 میں یہ ٹویٹ کیا تھا، جب وہ ٹوئٹر کے ساتھ کام نہیں کرتے تھے۔
انھوں نے لکھا 'اگر وہ مسلمانوں اور انتہا پسندوں میں فرق نہیں کرنا چاہتے تو میں سفید فام اور نسل پرستوں میں فرق کیوں کروں؟'

،تصویر کا ذریعہTwitter
ان کے سی ای او بننے کے اعلان کے بعد اس ایک دہائی سے زیادہ پرانے ٹویٹ پر معروف لوگوں کے تبصروں کا سیلاب آ گیا ہے تاہم پراگ اس ٹویٹ کے حوالے سے پہلے ہی وضاحت جاری کر چکے ہیں۔
انھوں نے اس ٹویٹ کے بارے میں بتایا تھا کہ یہ بات کامیڈین آصف مانڈوی نے 'ڈیلی شو' کے دوران کہی تھی جسے انھوں نے ٹویٹ کر دیا تھا۔ درحقیقت اس پروگرام میں کئی مزاحیہ فن کاروں نے شرکت کی تھی اور اس میں سیاہ فام لوگوں کے حقوق کی بات کی گئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہTwitter
پراگ پر سخت تنقید
دائیں بازو کے ٹرولرز ان پر مسلسل تنقید کر رہے ہیں جس کی وجہ ٹوئٹر پر ان کے مواد کی سینسرشپ بتائی جاتی ہے۔ ساتھ ساتھ پراگ اگروال کے پرانے ٹویٹ کے بہانے لوگوں نے ٹوئٹر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اس 11 سال پرانی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے ٹینیسی کی سینیٹر اور امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کی رہنما مارشا بلیک برن نے لکھا: 'ٹوئٹر کے نئے سی ای او نے مذہب کو ایک پیرامڈ سکیم (فریب) قرار دیا ہے۔ یہ وہی ہیں جو آپ کی آن لائن گفتگو کو کنٹرول کرنے جا رہے ہیں۔'

،تصویر کا ذریعہTwitter
امریکی صحافی کلے ٹریوس نے ٹویٹ کیا: 'یہ ہیں ٹوئٹر کے نئے سی ای او۔ جیک ڈورسی کے جانے کے بعد یہاں حالات مزید خراب ہونے والے ہیں۔'
تاہم پراگ کا دفاع کرتے ہوئے سراج ہاشمی نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا: 'یہ بیان جس سیاق و سباق میں دیا گیا ہے وہ مکمل طور پر الگ ہے اور یہ ڈیلی شو سے آیا ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پراگ اس تصور سے متفق ہیں کہ تمام مسلمان انتہا پسند نہیں ہیں اور تمام سفید فام نسل پرست نہیں ہیں۔'

،تصویر کا ذریعہTwitter
مبارکبادوں کا سلسلہ
جب پیراگ اگروال کو ٹوئٹر کا سی ای او بنایا گیا تو ان کا نام اور ’ٹوئٹر سی ای او‘ انڈیا میں ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہے اور صارفین پراگ کو کمپنی کے نئے سربراہ بننے پر مبارکباد دیتے نظر آئے۔
کئی صارفین ایک گراف بھی شیئر کر رہے ہیں جس میں گوگل، مائیکروسافٹ کے انڈین نژاد سی ای اوز کی فہرست میں ایک اور انڈین کا نام شامل کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/shubhamkbnke
ساتھ ہی کچھ صارفین نے پراگ اگروال کو ٹیگ کرتے ہوئے کچھ مطالبہ بھی کیا ہے۔
راج شیکھر جھا نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا: 'پراگ اگروال کو سچا انڈین اس وقت ہی سمجھا جائے گا جب وہ جیک کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کر کے کنگنا کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کریں گے۔ تاہم، پراگ اگروال کو ٹوئٹر کا سی ای او بننے پر بہت بہت مبارکباد۔ دنیا پر انڈیا کا راج ہے۔'

،تصویر کا ذریعہTwitter
ٹوئٹر کے نئے سی ای او کے طور پر منتخب کیے جانے کے بعد پراگ اگروال نے سابق سی ای او جیک ڈورسی اور دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انھوں نے ٹویٹر پر پوسٹ کیے گئے خط میں لکھا: 'عزت افزائی کے شکریہ جیک۔ میں آپ کے مسلسل مشورے اور دوستی کا مشکور ہوں۔ آپ نے مجھ پر جو بھروسہ کیا میں اس کا بھی مشکور ہوں۔ میں پوری ٹیم کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے مستقبل میں اعتماد کرنے کی ترغیب دی۔
یہ بھی پڑھیے
'میں نے 10 سال پہلے اس کمپنی میں اس وقت شمولیت اختیار کی تھی جب یہاں ایک ہزار سے بھی کم ملازمین تھے۔ اگرچہ یہ ایک دہائی پہلے کی بات ہے، لیکن میرے لیے یہ کل کی طرح ہے۔ میں نے اس عرصے میں بہت سے اتار چڑھاؤ، چیلنجز، کامیابیاں اور غلطیاں دیکھی ہیں۔ لیکن پھر بھی میں ٹوئٹر کے حیرت انگیز اثرات اور اس کی مسلسل ترقی دیکھ رہا ہوں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
پراگ اگروال نے مزید لکھا: 'ہم نے حال ہی میں اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔ لیکن ہمارے سامنے یہ ایک بڑا چیلنج ہے کہ اسے کیسے نافذ کیا جائے اور نتائج کیسے حاصل کیے جائیں تاکہ ٹوئٹر ہمارے صارفین، شیئر ہولڈرز اور آپ سب کے لیے بہترین ثابت ہو سکے۔
'دنیا ہمیں دیکھ رہی ہے اور پہلے سے کہیں زیادہ۔ بہت سے لوگوں کے نقطہ نظر اور خیالات مختلف ہوں گے کیونکہ وہ ٹوئٹر اور ہمارے مستقبل کی پرواہ کرتے ہیں اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم جو کام کرتے ہیں وہ اہمیت رکھتا ہے۔ آئیں، دنیا کو ٹوئٹر کی مکمل صلاحیت دکھائیں!'









