ریل کی پٹری پر فوٹو شوٹ، سیلفیاں: شادی کی تصاویر کھنچوانے والے جوڑے کی مذمت

،تصویر کا ذریعہNETWORK RAIL
برطانیہ کے نارتھ یارکشائر علاقے میں ایک جوڑے کے ریل کی پٹری پر شادی کی تصویریں کھنچوانے کے بعد محکمہ ریل کی جانب سے انھیں شدید مذمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جولائی میں جاری ہونے والی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں انھیں وٹبی کے نزدیک ریلوے لائن پر کھڑے تصویریں کھنچواتے پایا گیا تھا۔
جون سے ستمبر کے درمیان ریل کی پٹریوں کے ارد گرد علاقوں میں غیر قانونی طور سے داخل ہونے کے پانچ ہزار سے زیادہ واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں سے بیشتر میں لوگوں نے ریلوے لائن کے ساتھ تصاویر کھینچیں۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہNETWORK RAIL
برطانیہ کے محکمہ ریل نے کہا کہ اس طرح سیلفیاں کھینچنا یا فوٹو شوٹ کروانا ’محض بیوقوفی‘ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صرف ستمبر میں ہی اس قسم کے 1،239 واقعات درج ہوئے تھے۔
برطانیہ کی ٹرانسپورٹ پولیس کی اہلکار ایلیسن ایونس نے کہا کہ ’ریل کی پٹری تصویر کھنچوانے کے لیے معقول یا محفوظ مقام نہیں ہے۔ بھلے دیکھنے میں یہ منظر دلکش کیوں نا لگتا ہو۔‘
انھوں نے کہا کہ 'جتنی بار کوئی ریلوے ٹریک پر قدم رکھتا ہے وہ صرف اپنی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالتا، بلکہ ٹرینوں کے اہم سفر میں تاخیر بھی پیدا کرتا ہے۔‘
ریلوے لائن پر فوٹو شوٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالنے کے بعد تنقید کی زد میں آنے والے اداکار ایلس ہولِنس کو جولائی میں معافی مانگنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔
انھوں نے اعتراف کیا تھا کہ یہ ایک 'غیر ذمہ دارانہ' برتاؤ تھا اور 'خطرناک ماحول میں شامل ہو کر انھوں نے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا۔‘

،تصویر کا ذریعہNETWORK RAIL
برطانیہ کے محکمہ ریل نے برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کے ساتھ مل کر ایک مہم کا آغاز کیا ہے جس کا نام ہے ’یو ورسز ٹرین‘ یعنی ’آپ بمقابلہ ٹرین'۔ اس مہم کا مقصد نوجوانوں میں اس موضوع پر آگہی پیدا کرنا ہے۔
گزشتہ دو برسوں میں ریلوے لائن سے وابستہ 51 مقامات پر بچوں کے ساتھ ہونے والے حادثوں میں کمی آئی ہے۔
برطانوی محکمہ ریل کے اہلکار ایلن سپینس نے کہا کہ ’ریلوے ٹریک پر شادی کی تصاویر کھنچوانا یا سیلفیاں لینا نا سمجھی ہے۔‘
انھوں نے کہا ’یہ یقینی بنائیے کہ آپ کو ریلوے سے منسلک بنیادی حفاظتی نکات پتا ہوں اور آپ انھیں اپنے پیاروں کو بھی بتا سکیں۔ دوسروں کے لیے اچھی مثال قائم کریں اور ریل کی پٹریوں سے دور رہیں۔‘









