شادی کی تصاویر کھنچوانے والے دولہا نے دریا میں کود کر بچے کی جان بچائی

کینیڈا

،تصویر کا ذریعہHATT PHOTOGRAPHY / FACEBOOK

،تصویر کا کیپشندولہے نے بچے کو اپنی شادی کے سوٹ کی پرواہ کیے بغیر دریا میں کود کر بچایا

کینیڈا میں ایک شادی کے لیے ہونے والے فوٹو شوٹ میں ایک عجیب واقعہ اس وقت رونما ہوا جب دولہے نے دریا میں کود کر ایک ڈوبتے ہوئے بچے کی جان بچائی۔

کلٹن اور برٹنی کک اونٹاریو کے کیمبرج میں ایک پارک کے پل پر شادی کی تصویر کے لیے پوز کر رہے تھے کہ دولہے نے دریا میں ایک بچے کو ہاتھ پیر مارتے ہوئے دیکھا۔

اپنے شادی کے جوڑے کی پرواہ کیے بغیر کلیٹن پانی میں کود پڑے اور بچے کو بچا کر کنارے لے آئے۔

ان کی شادی کی شوٹ کرنے والے فوٹوگرافر نے ان کی اس بہادری کو اپنے کیمرے میں قید کر لیا اور اس کے بعد سے یہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

کلیٹن نے سی ٹی وی کو بتایا کہ 'اس (بچے) کا چہرہ پانی میں تھا اور وہ جدوجہد کر رہا تھا۔ خوش قسمتی سے وہ بچہ تھا ۔۔۔ اور ایمانداری سے کہوں کہ میں نے اسے بس صرف پلٹ دیا۔'

کلےٹن

،تصویر کا ذریعہHATT PHOTOGRAPHY / FACEBOOK

،تصویر کا کیپشنکلیٹن نے بچے کی جان بچائی جسے بعد میں اس کا بڑا بھائی لے گیا

کلیٹن کک نے کہا کہ بظاہر اس بچے کو اس کے کسی دوست نے دریا میں دھکا دیا تھا۔

شادی کی تصاویر لینے والے فوٹوگرافر ڈیرن ہاٹ نے کہا دراصل برٹنی کک نے پہلے بچے کو دیکھا تھا کیونکہ ان کا ہی دریا کی جانب رخ تھا اور جیسے ہی وہ چیخیں تو کلیٹن نے اس بچے کو بچانے کے لیے دریا میں چھلانگ لگا دی۔

ڈیرن ہیٹ نے بی بی سی کو بتایا: 'جب تک میں ادھر دیکھتا اس وقت تک وہ اسے دریا سے نکال کر زمین پر لاچکے تھے۔

'اس طرح میں اس واقعے کے ساتھ اس دن کی کہانی کی تصویریں اتارتا رہا۔'

ڈوبنے سے بچ جانے کے بعد بچہ بظاہر ٹھیک تھا۔ البتہ وہ ذرا ڈرا ہوا تھا اور پھر وہ اپنے بڑے بھائی کے ساتھ چلا گیا۔

برٹنی کک نے کہا کہ ان کی شوہر کی تیزی اور بے غرضی ایسی خوبیاں ہیں جو ان کی محبت کی بنیاد ہیں۔